All About Pakistan

6/recent/ticker-posts

پاکستان اقوام متحدہ کے 2 اہم اداروں کا رکن منتخب

پاکستان ووٹنگ کے ذریعے اقوام متحدہ کی 2 غیر سرکاری تنظیموں کی کمیٹی کا رکن منتخب ہو گیا ہے۔ پاکستان کو 2019 سے 2022 تک اقوام متحدہ کی این جی اوز (غیر سرکاری تنظیموں) کی کمیٹی اور یونیسیف کے ایگزیکٹو بورڈ کا رکن منتخب کر لیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی 2 اہم باڈیز میں کامیاب ہوا، یہ کامیابی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ عالمی برادری کو کس حد تک پاکستان کے کردار پر اعتماد ہے۔ اقوام متحدہ کی اقتصادی و سماجی کونسل (ECOSOC) میں ہونے والے این جی اوز کمیٹی کے الیکشن میں پاکستان کو 43 ووٹ ملے۔

ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ یونیسیف میں بھی پاکستان کا بہت اہم کردار رہا ہے اور این جی او کمیٹی میں بھی مسلسل خدمات انجام دیتا رہا ہے، پاکستان 2 سال پہلے بھی یونیسیف کے ایگزیکٹو بورڈ کا صدر منتخب ہو چکا ہے، ہمارے ملک میں یونیسیف کا بہت بڑا پروگرام چل رہا ہے، انھوں نے ان تمام ممالک کا شکریہ ادا کیا جنھوں نے پاکستان کو ووٹ دیا۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے مزید کہا کہ بحیثیت رکن پاکستان یو این او کی غیر سرکاری تنظیموں کی کمیٹی سے تعاون جاری رکھے گا، دنیا بھر میں لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کیلیے مل کر کام کرتے رہیں گے، کمیٹی کے قیام سے اب تک پاکستان کا ادارے کی بہتری کیلیے اہم کردار ہے، پاکستان نے عالمی سطح پر انسانی اور بچوں کےحقوق پر بہت کام کیا، انتخاب میں کامیابی عالمی برادری کی طرف سے پاکستانی تعاون کی تصدیق ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کی غیر سرکاری تنظیموں کا 10 سال سے رکن ہے۔
 

Post a Comment

0 Comments