All About Pakistan

6/recent/ticker-posts

’پاک ویک‘ ویکسین : پاکستان میں تیار کردہ کورونا ویکسین

قومی ادارہ صحت کی جانب سے دوست ملک چین کی مدد سے کورونا ویکسین مقامی طور پر تیار کئے جانے کی خبر نہایت حوصلہ افزا ہے اس سے جہاں مکمل تیار کورونا ویکسین کی درآمد پر آنے والی لاگت میں کمی آئے گی وہیں ملکی آبادی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر ویکسین کی تیاری بھی ممکن ہو سکے گی۔ پاکستان میں تیار کردہ کورونا ویکسین ’’پاک ویک‘‘ کے نام سے متعارف کرائی گئی ہے، پہلے مرحلے میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ میں چینی خام مال سے چینی ماہرین کی زیر نگرانی ایک لاکھ بیس ہزار سے زائد خوراکیں تیار کی گئیں جبکہ کورونا ویکسین کی دوسری کھیپ رواں ماہ تیار کرنے کیلئے انتظامات کو حتمی شکل بھی دے دی گئی ہے جس کیلئے 10 لاکھ ڈوز کا خام مال رواں ہفتے آئے گا جو چینی کمپنی کین سائنو فراہم کرے گی۔

اس کے ساتھ ساتھ مذکورہ کمپنی 10 لاکھ تیار ڈوزز بھی فراہم کرے گی۔ اچھی بات یہ ہے کہ دوسری کھیپ مکمل طور پر پاکستانی ماہرین تیار کریں گے۔ اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ہمارے ہاں صحت کے اعلیٰ ماہرین کی تو کوئی کمی نہیں البتہ وسائل کی کمی اور حکومتی عدم توجہی آڑے آتی ہے اور اگر حکومتی سرپرستی حاصل ہو تو ملکی ماہرین مکمل طور پر کورونا ویکسین مقامی طور پر تیار کر سکتے ہیں۔ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ عالمی وبا کے انسداد کیلئے کورونا ویکسین کا عمل دنیا بھر میں تیزی سے جاری ہے۔ اگرچہ وطن عزیز میں ویکسین کا عمل قدرے تاخیر سے شروع ہوا تاہم دیر آید درست آید کے مصداق اب اس عمل میں تیزی آرہی ہے۔ ملک میں اب تک کورونا وائرس سے بچاؤ کی 76 لاکھ 48 ہزار 481 خوراکیں لگائی جا چکی ہیں جس کے نتیجے میں 2 لاکھ 76 ہزار 600 افراد کی ویکسی نیشن مکمل ہو چکی ہے۔ تاہم ملکی آبادی کو دیکھتے ہوئے اس عمل کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے اسی طرح کورونا وبا سے مکمل بچائو ممکن ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ

Post a Comment

0 Comments