وزارت صحت کے سیکرٹری برائے امور صحت ڈاکٹر’ھانی جوخدار‘ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں کورونا ویکسین کا استعمال ماہ رواں کے آخرتک شروع کر دیا جائے گا۔ سعودی ٹی وی چینل ون سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹرھانی نے مزید کہا کہ ’وزارت صحت اور سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی جانب سے کورونا ویکسین کی رجسٹریشن کی منظوری ملنے کے بعد اس کی درآمد کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ویکسین کی مملکت میں آمد کے ساتھ ہی اسے مریضوں کو لگانے کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ اداروں نے ویکسین کی رجسٹریشن سے قبل تمام احتیاطی تدابیر کا بغور جائزہ لیا اور اس کے تجربات پر مبنی رپورٹیں بھی حاصل کی تھیں جن میں اس ویکسین کے بہتر نتائج اور مرض میں اس کی افادیت واضح ہے۔
سعودی عرب میں ویکسینیشن کے عمل کے آغاز کے حوالے سے ڈاکٹر ’جوخدار‘ کا کہنا تھا کہ ’ویکسین کی رجسٹریشن کے بعد اب دوسرے مرحلے کی جانب بڑھ رہے ہیں جو اسے مملکت لانے کا ہے اس حوالے سے بھی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی جانب سے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ’توقع ہے کہ آئندہ چند دنوں میں ویکسین محفوظ طریقے سے مملکت پہنچ جائے گی جس کے بعد فوری طور پر اسے مریضوں کو لگانے کے مرحلے کا آغاز کیا جائے گا، سال رواں کے اختتام سے قبل ویکیسینیشن کے عمل کا آغاز کر دیا جائے گا۔‘ دوسری جانب ’اخبار24 ‘ کے مطابق ماہر متعدی امراض ڈاکٹر طارق الازرقی کا کہنا ہے کہ ’کورونا ویکسین سب سے پہلے انہیں دی جائے گی جن کی حالت نازک ہے‘۔ انہوں نے مزید کہا ’امور صحت سے تعلق رکھنے والے جنہیں کووڈ کا مرض لاحق ہے کے علاوہ معمر افراد جو مختلف مہلک بیماریوں کا شکار ہیں بعدازاں عام شہریوں کو لگائی جائے گی‘۔
0 Comments