All About Pakistan

6/recent/ticker-posts

ٹائیگر فورس نہیں بلدیاتی ادارے فعال کریں

آج اتوار ہے۔ اپنی اولادوں سے تبادلۂ خیال کا دن۔ مگر میں اس وقت بڑھتی ہوئی مہنگائی سے خوف زدہ ہوں۔ میں تو پاکستان کے سب سے بڑے شہر میں ہوں۔ ہر چیز میسر ہے۔ لیکن میری ٹھیک ٹھاک آمدنی بھی بنیادی ضرورت کی اشیا کے سامنے عجز کا شکار ہے۔ میرے ذہن میں نوشکی کے محنت کش خاندان آبیٹھتے ہیں۔ کالا ڈھاکے کے ہم وطن میرے دل کا دروازہ کھٹکھٹانے لگتے ہیں۔ روجھان کا ایک عام پاکستانی مجھے جھنجھوڑ رہا ہے۔ کرم پور کا دکاندار مجھے آواز دے رہا ہے۔ کوٹ رادھا کشن کی ماں کے چہرے کی جھریاں میرا سلسلۂ تفکر توڑ دیتی ہیں۔ ان کی قوت خرید کم ہوتی جارہی ہے۔ بچے دودھ سے محروم ہیں۔ نوجوانوں کو ان کی بھوک کے برابر روٹی نہیں مل رہی ہے۔ میں تو اپنے آپ سے لڑ رہا ہوں کہ اس پچاس ساٹھ سالہ صحافت سے میں عوام کی زندگی میں کوئی آسانی نہ لا سکا۔ فراق کے شعر میں تصرف کر کے اپنے آپ پر ملامت کر رہا ہوں:

ہم سے کیا ہو سکا’’صحافت‘‘ میں
تم نے تو خیر’’ ٹاک شوز‘‘ کیے

میں تو ماہر اقتصادیات نہیں ہوں ۔ میرے کچھ جاننے والے اسلام آباد کے اونچے محلوں میں بیٹھے ہیں۔ حفیظ شیخ جن سے غریب ملک لائوس کے دارُالحکومت وینیثیاں میں بات ہوتی رہی۔ ڈاکٹر عشرت حسین بڑی امیدیں دلاتے رہے ہیں۔ غالب شناس وقار مسعود صاحب ابھی ابھی عمران ٹیم کے ساتھ اسٹیڈیم میں اترے ہیں۔ یہ لوگ بتا سکتے ہیں کہ کیا کھانے پینے کی بنیادی چیزوں کی آسمان چومتی قیمتیں ہماری 90 فیصد آبادی کی آمدنی کے دائرے میں آتی ہیں۔ دنیا بھر میں قیمتوں پر کنٹرول کے اب تک جو فارمولے تجربہ کیے گئے ہیں۔ کیا یہاں دالبندین۔ دادو۔ کمالیہ۔ کوہاٹ۔ میرپور آزاد کشمیر۔ گلگت میں کارگر ہو رہے ہیں۔ یہ جو دوائیں مہنگی کر کے ان کی دستیابی ممکن کرنے کی بقراطی کوشش ہے وہ یہاں کے غریب اکثریتی مریضوں کے لیے قابل عمل ہے۔ جناب وزیر اعظم امراء رئوسا کو این آر او نہ دینے پر مصر رہیں۔ مگر غریبوں کی اکثریت کی زندگی آسان بنانے کے لیے تو کوئی قدم اٹھائیں۔ ہر روز بڑھتی مہنگائی مزید لاکھوں پاکستانیوں کو غربت کی لکیر سے نیچے دھکیل دیتی ہے۔ 

پاکستان ہی نہیں دنیا بھر میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھنے سے سب سے زیادہ متاثر غریب ہوتے ہیں۔ ان کے لیے احساس اور بے نظیر انکم سپورٹ جیسے پروگرام عالمی بینک کے تعاون سے شروع کیے جاتے ہیں۔ مگر یہ یقین نہیں ہوتا کہ اس نقد فراہمی سے مستحق غریب ہی مستفید ہو رہے ہیں یا ان کے شناختی کارڈ اکٹھے کر کے مافیاز اور ارکان اسمبلی فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ بعض ماہرین ہمیں کہتے ہیں کہ چیزوں کی قیمتیں نہیں بڑھ رہی ہیں۔ بلکہ ہمارے روپے کی قدر گر رہی ہے تو وہ بے چاری اکثریت جس کے پاس یہ کمزور اور بے سہارا پاکستانی روپیہ بھی بہت کم مقدار میں ہے وہ تو اپنی محدود آمدنی سے اپنی کم سے کم ضروریات بھی پوری نہیں کر پارہی ہے۔ حکومت اور اپوزیشن کے بیانات آتے ہیں۔ لیکن 90 فیصد پاکستانیوں کی مشکلات آسان کرنے کے لیے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا جاتا۔ وفاقی حکمران پارٹی کی صوبائی حکومتوں میں بھی یہی حال ہے۔ اور اپوزیشن پی پی پی کی حکمرانی کے صوبے میں تو اور زیادہ مہنگائی ہے۔ 

حکومت اور اپوزیشن دونوں کے نزدیک مہنگائی قابل توجہ مسئلہ نہیں ہے۔ صرف فوج نے اپنی چھائونیوں میں ایسے اسٹور بنائے ہیں جہاں فوجی افسروں اور سپاہیوں کو چیزیں مقررہ قیمتوں پر مل جاتی ہیں۔ پاکستان میں مختلف حکومتوں نے قیمتوں پر قابو پانے کے لیے پہلے راشن کارڈ کا نظام قائم کیا۔ پھر یوٹیلٹی اسٹورز کھولے۔ ایک تجربہ سستے بازاروں کا کیا گیا۔ جمعہ بازار۔ اتوار بازار۔ منگل بازار۔ بدھ بازار۔ مگر یہ سب مفاد پرستی کی وجہ سے ناکام ہو گئے۔ یہاں بھی منافع خور مافیاز حکمران طبقے کی مدد سے گھس آئیں ۔ بعض ماہرین معیشت کہتے ہیں کہ قیمتوں پر کنٹرول صائب اقتصادی راستہ نہیں ہے۔ اصل فارمولا تنخواہوں اور قیمتوں پر بیک وقت کنٹرول ہے۔ پاکستان میں عالمگیر وبا کے بعد تنخواہوں پر تو قابو پالیا گیا ہے کہیں 40 فیصد کم ہوئیں کہیں 50 فیصد۔ بہت سے لوگ نکال کر تنخواہوں میں کمی کی گئی۔ 

لیکن اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کی بجائے اضافہ ہوتا رہا۔ کیا ہماری کسی وزارت نے اندازہ کیا ہے کہ مارچ 2020 سے اب تک کتنے پاکستانی بے روزگار ہوئے ہیں۔ اور وہ کیسے دو وقت کی روٹی کا انتظام کر رہے ہیں۔ پہلے ہر محلے میں ہر گائوں میں ایک کریانہ شاپ ہوتی تھی۔ کریانے والا محلے یا گائوں کے ہر گھر کی مالی حالت سے بخوبی واقف ہوتا تھا۔ بہت سے نادار۔ یا وقتی طور پر مشکل میں گھرے خاندانوں کو وہ ادھار راشن دیتا رہتا تھا۔ اس کے پیش نظر منافع نہیں بلکہ اس خاندان کی بقا ہوتی تھی۔ اب یہ جو بہت سی شاخوں اور منزلوں والے ڈپارٹمینٹل اسٹور کھل رہے ہیں تو ان کا مقصد صرف منافع ہے۔ کریانے والے سے بعض امیر خاندان بھی مالی تعاون کرتے تھے۔ غریب خاندانوں کو راشن مسلسل فراہم ہوتا رہتا تھا۔ اب امیر ممالک پاکستان جیسے غریب ممالک کے لیے اس روایت پر عمل کررہے ہیں۔ 

لیکن یہ کروڑوں ڈالر دردمند کریانے والے کے ذریعے نہیں بلکہ سفاک بیورو کریٹس اور پتھر دل حکمرانوں کے وسیلے سے آتے ہیں تو غریب خاندانوں تک نہیں پہنچتے۔ کبھی غریبی کا تجربہ نہ کرنے والے وزیر اعظم عمران خان نے کچھ ہفتے قبل کہا کہ میں خود مہنگائی کا مقابلہ کروں گا ۔ ہم جائزہ لے رہے ہیں کہ چیزیں مہنگی کیوں ہورہی ہیں۔ پھر انہوں نے ٹائیگر فورس کو مہنگائی روکنے کے لیے میدان میں اتارنے کا کہا۔ ہوا کچھ نہیں۔ ایسی فورسز۔ متوازی حکومتیں ہوتی ہیں۔ انہیں فوج قبول کرتی ہے نہ بیورو کریسی۔ یہ ملکی خزانے پر بوجھ بھی ہوتی ہیں۔ ٹائیگر فورس تبلیغی جماعت تو نہیں ہے۔ جو اپنے خرچ پر سفر کرے گی۔ اپنا کھائے گی۔ عمران صاحب۔ خدا کے لیے یہ تجربہ نہ کریں۔ ان نوجوانوں کو حکومت کے خرچ پر مینجری کی تربیت کے کورس کروائیں تاکہ یہ اپنی صلاحیتیں اس تربیت کے بعد سرکاری یا غیر سرکاری اداروں میں بروئے کار لاسکیں۔ آپ مقامی حکومتوں کے نظام کو بھرپور انداز میں بحال کریں۔ چاروں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کروائیں۔ ٹائیگر فورس کے جوان انتخابات میں حصّہ لے کر کونسلر بن سکتے ہیں۔ جب تک انتخاب نہ ہوں۔ پرانے کونسلروں چیئرمینوں کو عبوری طور پر کام کرنے دیں۔ اشیائے ضروریہ کی فراہمی اور قیمتوں پر کنٹرول۔ غریب اکثریت کی مدد۔ سب سے بہتر بلدیاتی ادارے ہی کر سکتے ہیں۔

محمود شام

بشکریہ روزنامہ جنگ

Post a Comment

0 Comments