All About Pakistan

6/recent/ticker-posts

کورونا کی دوسری لہر


یہ بات عالمی ادارہ صحت کی طرف سے انتباہ کے انداز میں بہت پہلے کی جا چکی ہے کہ کورونا کے جانے یا ختم ہونے کے ابھی کوئی آثار یا امکانات نہیں۔ وزیراعظم پاکستان بھی اسی تناظر میں کہہ چکے ہیں کہ اب ہمیں اسی کے ساتھ جینا سیکھنا ہو گا۔ بفضلِ خدا پاکستان میں تو اس مرض نے ہلاکت خیزی کی وہ صورت اختیار نہ کی جو دوسرے ملکوں میں کی تاہم یہ بھی حقیقت ہے پچھلے چند روز میں اس کے مریضوں کی تعداد میں معمولی ہی سہی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ دوسری جانب کورونا کی دوسری لہر کے خوف سے عالمی اسٹاکس اور تیل کی قیمتیں گر گئی ہیں، امریکہ میں ہلاکتوں کی تعداد دو لاکھ تک پہنچ گئی ہے جبکہ برطانیہ میں وسط اکتوبر تک یومیہ 50 ہزار کیسز سامنے آنے کا اندیشہ ہے۔ تیل کی عالمی قیمتوں میں 5.4 سے 5.5 فیصد تک کمی دیکھی گئی۔ 

یاد رہے کہ کورونا کی وبا اب تک دنیا بھر کے 9 لاکھ 61 ہزار افراد کو موت کے منہ میں دھکیل چکی ہے جبکہ مجموعی طور پر 3 کروڑ 11 لاکھ کیسز ریکارڈ ہوئے اور ابھی ہو رہے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت نے یہ بھی باور کرایا تھا کہ خدانخواستہ اگر یہ وبا دوبارہ حملہ آور ہوئی تو پہلے سے زیادہ مہلک ہو گی، ان حالات میں کہ اس کی کوئی ویکسین یا علاج بھی ابھی تک دریافت نہیں ہو سکا، اندازہ کرنا مشکل نہیں کہ یہ کتنی ہلاکت خیز ثابت ہو سکتی ہے۔ دنیا بھر کے سائنس دان اگرچہ اس کا علاج دریافت کرنے میں جتے ہوئے ہیں لیکن خبر یہ ہے کہ سال بھر سے قبل اس کا علاج یا ویکسین نہ بن پائے گی۔ دریں حالات اس کے واحد علاج یعنی احتیاط کو زیادہ سے زیادہ اختیار کرنا ہو گا اور یہ احتیاط ابھی سے کرنا ہو گی نہ کہ اس وبا کے حملے کے بعد۔ حکومت اس حوالے سے فوری اور موثر اقدامات کرے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ

Post a Comment

0 Comments