پاکستان آنے والے غیرملکی کھلاڑیوں نے محبت کے پھولوں سے دامن بھر لیا جب کہ شین واٹسن نے دورے کو یادگار قرار دے دیا۔ پاکستان میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے میچز کو دلچسپ بنانے اور یہاں کے شائقین کو کھیل کے سنسنی خیز لمحات سے لطف اندوز کرنے والے غیرملکی کھلاڑیوں نے بھی اپنے دامن محبت کے پھولوں سے بھر لیے ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک اور ٹیم مینجمنٹ کی کوششوں سے یہاں آنے پر راضی ہونے والے سابق آسٹریلوی کرکٹرشین واٹسن نے اپنے دورہ پاکستان کو یادگار قرار دے دیا۔ واٹسن پی ایس ایل فور میں سب زیادہ رنز بنانے والی کھلاڑی قرار پائے انھوں نے کئی میچز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی فتح کو اپنی بیٹنگ سے یقینی بنایا۔
پشاور زلمی کے کپتان اور لگاتار تیسری مرتبہ پی ایس ایل کیلیے پاکستان کا رخ کرنے والے ڈیرن سیمی نے بھی ایونٹ کے دوران مداحوں کے پیار اور سپورٹ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ان کا ٹویٹر پرکہنا تھا کہ ’’پاکستان، میں واپس آؤں گا، پیار اور سپورٹ کا شکریہ‘‘۔ سیمی نے کراچی کے شائقین کرکٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں کرکٹ کا ماحول بہترین ہے اور یہ کرکٹ کھیلنے کے لیے شاندار جگہ ہے۔ ویسٹ انڈیز کے سابق عظیم کرکٹر اورکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینٹور ویوین رچرڈز نے مداحوں، پاکستان کے کرکٹ شائقین اور کراچی کے عوام کا بہت شکریہ ادا کیا ہے۔ ٹویٹر پر ویڈیو پیغام میں ویوین رچرڈز نے ٹیم کوئٹہ کے ہر ممبر کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔
0 Comments