All About Pakistan

6/recent/ticker-posts

جے آئی ٹی رپورٹ : کئی سوالوں کے جواب نہیں

سی ٹی ڈی کی بربریت کے حوالے سے جے آئی ٹی کی ابتدائی رپورٹ آگئی ہے، پنجاب حکومت نے ابتدائی رپورٹ پر ایکشن لیا ہے اور اس کا اعلان صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کیا، عوام اور ماہرین کے ذہنوں میں اس سانحہ کے حوالے سے جو سوالات گونج رہے ہیں، جے آئی ٹی کی رپورٹ میں ان کے جوابات موجود نہیں ہیں۔ ان کے جوابات اس سانحہ کے متاثرین کے ورثا اور قوم کو بھی چاہئیں۔
ہمیں یہ پتہ نہیں چل رہا کہ پولیس اور سی ٹی ڈی کی جانب سے اس واقعہ کے بعد بار بار بیانات بدلے جا رہے تھے، پورے تصور کو بدل دیا جانا تھا تو اس کا ذمہ دار کون تھا ؟ مرنے والے چار افراد کو پہلے اغوا کار اور پھر دہشت گرد کس بنیاد پر کہا گیا، پنجاب حکومت نے اس بیانیہ کو کیوں تسلیم کیا ؟ 

اگر مرنے والے اغوا کار تھے تو یہ کیوں نہیں پوچھا گیا کہ انہوں نے کیا اپنے ہی 3 بچوں کو اغوا کیا تھا ؟ اگر گاڑی میں سوار افراد دہشت گرد تھے تو انہوں نے کوئی مزاحمت کیوں نہیں کی ؟ ان اغوا کاروں اور دہشت گردوں کو زندہ گرفتار کرنے کی کوشش کیوں نہیں کی گئی ؟ کیا 3 بچوں کو کار سے باہر نکالنے کے بعد باقی کار سواروں پر فائر نہیں کھولا گیا ؟ جیسا کہ موبائل فون فوٹیج کی وجہ سے ہمارے پاس اس کا ثبوت موجود ہے۔ ان افراد پر شک کی بنیاد پر سیدھی فائرنگ کا اختیار کس نے دیا ؟ کب دیا ؟ اور پولیس نے یہ اختیار کیسے استعمال کیا ؟ پولیس نے جوابی فائرنگ کا الزام تو لگایا لیکن کیا پولیس کا کوئی جانی یا مالی نقصان ہوا ؟ کیا اس بات کا ثبوت ملا کہ پولیس پر کوئی فائر کیا گیا ہے ؟۔

ٹی وی فوٹیج میں پولیس کو یکطرفہ فائرنگ کرتے دکھایا گیا ہے، کیوں اس بیانیہ کی اجازت دی گئی کہ پولیس پر فائرنگ کی گئی تھی ؟ پولیس مرنے والوں کی لاشیں اور بچوں کو چھوڑ کر کیوں فرار ہو گئی تھی ؟ گاڑی سے اسلحہ اور خود کش جیکٹس ملی تھیں تو انھیں منظر عام پر کیوں نہیں لایا گیا ؟ اگر یہ جھوٹ بولا گیا تو اس کا اختیار کس سطح پر دیا گیا تھا ؟ گاڑی میں خودکش جیکٹ تھی تو فائرنگ کے باوجود کوئی دھماکہ نہیں ہوا۔ اس کی کیا وجہ تھی ؟ گاڑی میں بارودی مواد تھا تو سی ٹی ڈی نے بم ڈسپوزل سکواڈ کو کیوں نہیں بلایا ؟ واقعہ کے بعد فرانزک ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد کیوں اکٹھے نہیں کئے ؟ اس آپریشن کا کرائم سین کیوں محفوظ نہیں کیا گیا ؟ 

کیا کسی ریڈ بک میں خلیل اس کی بیٹی اور بیوی اور ذیشان کے نام بطور دہشت گرد یا بطور مشتبہ کہیں درج تھے ؟ کیا ذیشان کے خلاف کوئی ایف آئی آر درج ہوئی ہے ؟ ذیشان سے شناختی کارڈ اور ڈرائیونگ لائسنس ملا۔ کیا دہشت گرد شناخت لے کر گھومتے ہیں ؟ ایف آئی آر میں 16 اہلکار نامزد ہیں۔ اب تک 6 اہلکاروں کو کیوں گرفتار کیا گیا ہے ؟ کیا اس میں پولیس کے علاوہ کسی اور ادارے کا بھی ہاتھ تھا ؟ یہ بھی جاننا ضروری کہ یہ معاملہ کس رخ پر آگے بڑھے گا، حکومت پنجاب اس کی کس حد تک ذمہ دار ہے ؟۔

اس حوالے سے گورنر پنجاب نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بہت اہم سوالات اٹھائے گئے ہیں، سانحہ ساہیوال پر سوالات کے جواب جے آئی ٹی اور حکومت دے گی، کیونکہ اب لوگ آگاہی رکھتے ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ اداروں میں جو لوگ جرم کرتے ہیں، ان کو کس طریقے سے بچایا جاتا ہے، میں حکومت، وزیر اعلیٰ اور وزیر اعظم کی طرف سے یقین دلاتا ہوں کہ حکومت مذکورہ تمام سوالات کے جواب دے گی۔ میں کل مقتول کے خاندان کو ملنے کے لئے گیا تھا۔ میری خلیل کے خاندان اور ان کے والد اور بھائیوں سے ملاقات ہوئی ہے، ان کے بچوں سے ملاقات ہوئی ہے، خلیل کے خاندان نے جو غم دیکھا وہ مہذب معاشرے میں برداشت کرنا ممکن نہیں.

کامران خان

بشکریہ دنیا نیوز اردو

 

Post a Comment

0 Comments