ملک کے 13 ویں نومنتخب صدر عارف علوی کی تنخواہ اور مراعات کے حوالے سے تفصیلات سامنے آگئیں۔ صدر مملک کی ماہانہ تنخواہ 8 لاکھ 46 ہزار 5 سو 50 روپے ہو گی، اس سے قبل صدر کی تنخواہ ایک لاکھ 33 ہزار 3 سو 33 روپے تھی، جسے بعد ازاں بڑھا دیا گیا تھا۔ گزشتہ پارلیمان نے صدر مملکت کی تنخواہ میں اضافے سے متعلق بل پاس کیا تھا۔ اس بل کے مطابق صدر پاکستان کے خاندان میں ان کی اہلیہ، بچے، والدین اور زیر کفالت افراد بھی شمار ہوں گے۔ اس کے علاوہ صدر مملکت کا عہدہ سنبھالتے ہی 20 ہزار روپے بھی ملتے ہیں جبکہ صدر کے اندرون اور بیرون ملک سفری اخراجات ملکی خزانے سے ادا کیے جاتے ہیں۔
بل کے مطابق صدر کو رہائش، ریلوے میں سلون، جہاز ایئرکرافٹ اور سرکاری گاڑی استعمال کرنے کی سہولت ہو گی جبکہ اگر دوران سفر صدر کسی حادثے میں جاں بحق ہو جاتے ہیں تو 10 لاکھ روپے ان کی اہلیہ کو دیے جائیں گے اور زخمی ہونے کی صورت میں سرکاری خزانے سے علاج کیا جائے گا۔ صدر مملکت کو جو مراعات حاصل ہوں گی، اس میں وہ طبی یا نجی وجوہات کی بنا پر 4 ماہ کی رخصت پر بھی جا سکتے ہیں جبکہ سرکاری خرچ پر بیرون ملک بھی علاج کروا سکتے ہیں۔
پارلیمان سے پاس بل کے مطابق نومنتخب صدر اپنے ذاتی استعمال کے لیے 2 لاکھ روپے تک کی کوئی بھی اشیاء درآمد کروا سکتے ہیں جبکہ اس پر سیلز ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی عائد نہیں ہو گی۔ اسی طرح صدر یا ان کے اہل خانہ تمباکو نوشی کرتے ہیں تو اس پر بھی سیلز ٹیکس یا کسٹم ڈیوٹی نہیں لگے گی۔ پاکستان کے صدر کے ساتھ سفر میں 3 ملازم بھی سفر کر سکتے ہیں، اس کے علاوہ نومنتخب صدر عارف علوی کے گھر کی سالانہ تزئین و آرائش کے لیے 20 لاکھ روپے مختص ہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز صدارتی انتخاب کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے عارف علوی ملک کے 13 ویں صدر منتخب ہوئے تھے اور انہوں نے مجموعی طور پر 352 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے تھے۔
0 Comments