پاکستان کے بڑھتے ہوئے قرضوں پر میں نے 2017-18ء میں 7 کالم تحریر کئے جس میں پاکستان کے ناقابل برداشت قرضے، مختلف ادوار میں بیرونی قرضوں کا موازنہ، پرانے قرضوں کی ادائیگی کیلئے نئے قرضے، آئی ایم ایف سے قرض ناگزیر اور قرضوں پر قرضے جیسے کالم شامل تھے۔ رواں مالی سال 5 ارب ڈالر کے بیرونی قرضوں کی ادائیگیوں، 18 ارب ڈالر کا کرنٹ اکائونٹ، 35 ارب ڈالر کا تجارتی خسارہ اور گرتے ہوئے زرمبادلہ کے ذخائر کے پیش نظر معیشت دانوں کا خیال ہے کہ ہمیں 31 ارب ڈالر کی بیرونی فنانسنگ کی ضرورت ہے اور نئی حکومت کو سخت شرائط پر 12 ارب ڈالر کے نئے قرضے کیلئے جلد ہی آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑے گا لیکن امریکہ نے کہا ہے کہ وہ آئی ایم ایف کی پاکستان کو قرضے دینے کی مخالفت کرے گا۔ گزشتہ حکومت کو یہ امید تھی کہ غیر ملکی اثاثوں کی ایمنسٹی اسکیم کے تحت 2 سے 3 ارب ڈالر غیر ملکی اثاثے ملک میں واپس لائے جائیں گے لیکن ملک میں انتخابات اور سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے حکومت کو مطلوبہ نتائج نہیں ملے۔ سابق عبوری وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے متعدد بار کہا تھا کہ عبوری حکومت آئی ایم ایف سے نئے قرضے کیلئے تیاریاں مکمل کر کے نئی حکومت کو دیکر جائیگی کیونکہ آئی ایم ایف عبوری حکومت سے مذاکرات کیلئے تیار نہیں۔
اِن حالات میں پاکستان نے آئی ایم ایف سے قرضے لینے کے بجائے اپنے دوست ممالک چین اور سعودی عرب سے 6 سے 8 ارب ڈالر کی کیش گرانٹ کی درخواست کی ہے جس پر ان دونوں ممالک کی طرف سے حوصلہ افزا اعلانات سامنے آئے ہیں کہ وہ پاکستان کی مالی مدد کریں گے۔ اس سلسلے میں سعودی عرب نے 2 ارب ڈالر جبکہ چین نے بھی 2 ارب ڈالر کی مالی امداد کا اعلان کیا جس میں ایک ارب ڈالر گزشتہ ہفتے دیئے جا چکے ہیں جسکے باعث پاکستانی روپیہ 4.3 فیصد مستحکم ہوا تھا۔ اسکے علاوہ دہشت گرد فنانسنگ اور منی لانڈرنگ کو روکنے کیلئے ایشین ڈیولپمنٹ بینک (ADB) نے پاکستان کو مالی امداد دینے کا وعدہ کیا ہے۔ نئے وزیر خزانہ اسد عمر نے عندیہ دیا ہے کہ وہ غیر ملکی پاکستانیوں کیلئے ڈالر بانڈ کے اجراء کا ارادہ رکھتے ہیں۔ گزشتہ حکومتوں نے بھی قرضوں کے علاوہ گلوبل کیپیٹل مارکیٹ میں 2 بلین ڈالر کے یورو بانڈ اور 2.5 بلین ڈالر کے سکوک بانڈز بھی جاری کئے ہیں جن کی ادائیگیاں 2019ء، 2025ء ، 2027ء اور 2036ء میں ہیں۔
پاکستان اور چین کے مابین 12.5 ارب ڈالر کا تجارتی خسارہ ہے۔ ڈالر پر دبائو کم کرنے کیلئے پاکستان نے چین سے درخواست کی ہے کہ وہ پاکستان سے چین کی امپورٹ کی 50 فیصد ادائیگی پاکستانی روپے میں قبول کرے۔ اسکے علاوہ سی پیک کے منصوبوں کیلئے کی جانے والی اضافی امپورٹ کے دبائو کو کم کرنے کیلئے چین کو 4 سے 5 ارب ڈالر اسٹیٹ بینک کو سافٹ ڈپازٹ دینے کی تجویز ہے تاکہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں مزید کمی کے بغیر چین سے امپورٹس کی ادائیگیاں کی جا سکیں۔ 30 جون 2018ء کو پاکستان کے بیرونی قرضے اور مالی ذمہ داریاں 14 فیصد اضافے سے 95 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں اور اس طرح ہمارے مجموعی قرضے 29.86 کھرب روپے تک پہنچ چکے ہیں جو ہماری جی ڈی پی کا 86.8 فیصد ہے جبکہ قرضوں کی حد کے قانون کے تحت حکومت جی ڈی پی کے 60 فیصد سے زیادہ قرضے نہیں لے سکتی لیکن ہمارے قرضے اس حد سے تجاوز کر گئے ہیں جو ایک لمحہ فکریہ ہے۔
مختلف ادوارِ حکومت میں لئے گئے بیرونی قرضوں کے موازنے سے معلوم ہوتا ہے کہ پاکستان نے پہلا غیر ملکی قرضہ 1950ء میں 145 ملین ڈالرز کا پہلے پانچ سالہ منصوبے کیلئے لیا تھا جسکے بعد آئندہ پانچ سالہ منصوبوں کیلئے ہم ہر بار 57 ملین ڈالر سالانہ کے غیرملکی قرضے حاصل کرتے رہے۔ 1960ء میں یہ قرضے بڑھکر 585 ملین ڈالرز ہو گئے اور 1970ء تک قرضوں میں اضافے کا رجحان اسی طرح جاری رہا، اس طرح ہمارے بیرونی قرضے دگنے سے زیادہ ہوتے گئے۔ دسمبر 1971ء میں غیرملکی قرضے 3 ارب ڈالرز تھے جو جون 1977ء تک 6.3 بلین ڈالرز ہو گئے جس کے بعد پاکستان نے سالانہ ایک ارب ڈالرز قرضے لئے۔ 1979ء میں بھٹو حکومت کے خاتمے کے بعد حکومت نے 1984ء تک اوسطاً 1.6 ارب ڈالر سالانہ بیرونی قرضے حاصل کئے۔ جون 1998ء تک پاکستان نے مجموعی 40 بلین ڈالرز کے غیرملکی قرضے اور 10.2 بلین ڈالرز کی امداد حاصل کی۔ انسٹیٹیوٹ فار پالیسی ریفارمز (IPPR) کی رپورٹ کے مطابق 2016-17ء قرضوں کا ریکارڈ سال تھا جس میں مسلم لیگ (ن) حکومت نے 7.9 ارب ڈالرز اضافی قرضے لئے اور 30 جون 2018ء تک ہمارے بیرونی قرضوں کا حجم 95.097 ارب ڈالرز تک پہنچ گیا۔
ان بیرونی قرضوں کا جائزہ لینے سے معلوم ہوتا ہے کہ 1951ء سے 1955ء تک پاکستان کے بیرونی قرضے صرف 121 ملین ڈالر تھے تاہم 1969ء میں یہ قرضے بڑھ کر 2.7 ارب ڈالر اور 1971ء میں 3 ارب ڈالر تک جا پہنچے۔ 1977ء میں پاکستان پر واجب الادا قرضے بڑھ کر دگنا یعنی 6.3 ارب ڈالر ہو گئے جس کے بعد بیرونی قرضے لینے کی روایت بن گئی اور 1990ء میں یہ قرضے بڑھ کر 21.9 ارب ڈالر جبکہ 2000ء میں 35.6 ارب ڈالر تک جا پہنچے۔ موجودہ دور حکومت میں پاکستان کے بیرونی قرضے 2016ء میں 72.98 ارب ڈالر اور اب 30 جون 2018ء کو یہ قرضے ریکارڈ 95.097 ارب ڈالر کی حد تک پہنچ چکے ہیں۔ گزشتہ سال ایف بی آر کے 3500 ارب روپے کے ریونیو میں سے 1482 ارب روپے (42.36فیصد) قرضوں اور سود کی ادائیگی میں چلے گئے۔ دوسرے نمبر پر 775.86 ارب روپے دفاعی اخراجات اور تیسرے نمبر پر ترقیاتی منصوبوں کیلئے 661.29 ارب روپے خرچ کئے گئے۔
تجزیئے سے یہ بات بھی سامنے آتی ہے کہ حکومت نے مقامی قرضوں پر 1,112 ارب روپے اور بیرونی قرضوں پر 1,118.4 ارب روپے سود ادا کئے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ ہم قرضوں کے ناقابل برداشت بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں اور ہمارا زیادہ تر ریونیو اور وسائل قرضوں اور سود کی ادائیگی میں چلے جاتے ہیں جس کی وجہ سے تعلیم، صحت، روزگار، پینے کا صاف پانی اور سماجی شعبوں کے ترقیاتی منصوبوں پر اخراجات کیلئے ہمارے پاس فنڈز دستیاب نہیں۔ معیشت کے طالبعلم کی حیثیت سے میں یہ بات کہہ سکتا ہوں کہ ہماری حکومتیں Debt Managment میں ناکام رہی ہیں۔ نواز شریف حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے بعد مجموعی 480 ارب روپے کے گردشی قرضے ادا کئے تھے لیکن انہی کی حکومت نے آج 1.14 کھرب روپے کے گردشی قرضے نئی حکومت کو تحفے میں دیئے ہیں جس میں 566 ارب روپے ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے ذمہ اور 817 ارب روپے کے واجبات حکومتی و نجی شعبے کے صارفین کے ذمہ ہیں۔
جانے والی حکومت نے تجویز دی ہے کہ گردشی قرضے صارفین کے بجلی کے بلوں میں سرچارج لگا کر وصول کئے جائیں جس سے ملک میں بجلی مہنگی ہو گی اور صنعتیں اور ایکسپورٹس مزید غیر مقابلاتی ہو جائیں گی۔ نقصان میں چلنے والے حکومتی اداروں پی آئی اے، اسٹیل ملز اور واپڈا کی نجکاری نہ کرنے کی وجہ سے حکومت نے ان اداروں کو چلانے کیلئے 980 ارب روپے قومی خزانے سے ادا کئے۔ ان اداروں کے مالی نقصانات بڑھنے کی وجہ سے 2017ء میں انہیں 823 ارب روپے اور 2018ء میں 980 ارب روپے حکومتی قرضے دیئے گئے جس میں سب سے زیادہ قرضے پی آئی اے 122.4 ارب روپے، دوسرے نمبر پر واپڈا 81.4 ارب روپے، تیسرے نمبر پر پاکستان اسٹیل ملز 43.2 ارب روپے ہیں۔ ان اخراجات کی وجہ سے 2018ء میں بجٹ کا مالی خسارہ بڑھکر 2.1 کھرب روپے یعنی جی ڈی پی کا 6.1 فیصد رہا جبکہ اس کا ہدف 4.1 فیصد تھا۔
ملکی قرضوں کے باعث 2011ء میں ہر پاکستانی 46,000 روپے، 2013ء میں 61,000 روپے اور آج 1,44,256 روپے کا مقروض ہو چکا ہے۔ ان قرضوں کیلئے ہم اپنے موٹر ویز، ایئرپورٹس اور دیگر قومی اثاثے قرضہ دینے والے اداروں کے پاس گروی رکھوا چکے ہیں جو ایک لمحہ فکریہ ہے۔ ایف بی آر اور اسٹیٹ بینک نے بڑھتی ہوئی درآمدات کی حوصلہ شکنی کیلئے جو اقدامات کئے ہیں، ان کے بہتر نتائج نکلے ہیں اور امپورٹس میں اضافے کو کنٹرول کیا گیا ہے۔ مجھے امید ہے کہ ان اقدامات اور دوست ممالک کی مالی امداد سے ہم نہ صرف زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم رکھ سکیں گے بلکہ بیرونی قرضوں کی ادائیگیوں کیلئے ہمیں تقریباً ایک سال کا ریلیف مل جائیگا جس سے ہم ملکی ایکسپورٹس، ترسیلات زر، بیرونی سرمایہ کاری میں اضافے اور لوٹی ہوئی دولت وطن واپس لاکر اپنے زرمبادلہ کے ذخائر کو برقرار رکھ سکیں گے۔
0 Comments