All About Pakistan

6/recent/ticker-posts

پاکستان کے نوجوان : پاکستان کے روشن مستقبل کی امید

اس وقت دنیا میں ایک ارب 80 کروڑ افراد کی عمر 10 سے 24 برس کے درمیان ہے۔ آج دنیا میں نوجوانوں کی تعداد جتنی ہے، ماضی میں کبھی نہیں رہی۔ لیکن ان کی بہت بڑی تعداد ان علاقوں میں رہتی ہے جہاں تنازعات یا خانہ جنگی ہے۔ ناخواندگی، بے روزگاری، تربیت کا فقدان، سیاسی عمل اور فیصلہ سازی میں عدم شمولیت نوجوانوں کے چند اہم مسائل ہیں۔ نوجوانوں کے مسائل اور ان کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے 1999ء میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 12 اگست کو نوجوانوں کے عالمی دن کے طور پر منانے کا بھی فیصلہ کیا۔ پاکستان کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں نوجوانوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ پاکستان کی 64 فیصد آبادی کی عمر 30 سال سے کم ہے ، اور 29 فیصد آبادی کی عمر 15 سے 29 بر س کے درمیان ہے۔ 

پاکستان میں نوجوانوں کو درپیش بڑے مسائل میں تعلیم اور بے روزگاری شامل ہیں۔ بہت سے نوجوان تعلیم تو حاصل کر رہے ہیں لیکن انہیں معیاری تعلیم میسر نہیں۔ اس کے علاوہ سماجی کاموں میں ان کی صلاحیتوں اور توانائی سے پوری طرح مستفید نہیں ہوا جا رہا۔ انہیں فیصلہ سازی اور سیاسی عمل میں شریک کرنے اورصحت مندانہ سرگرمیوں میں شامل کرنے کی ضرورت ہے۔ 195 ممالک میں سے صرف 14 ممالک ایسے ہیں جو تعلیم پر پاکستان سے کم خرچ کرتے ہیں۔ پاکستان کو 45 لاکھ کے قریب نئی ملازمتوں کی ضرورت ہے ۔ اگر یہ پیدا نہ کی گئیں تو نوجوانوں میں بے روزگاری مزید بڑھ جائے گی۔ نوجوانوں کی زیادہ تعداد بظاہر زحمت نظر آتی ہے۔ تاہم اگر نوجوانوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایا جائے تو یہ معاشرے کے لیے انتہائی مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔
 

Post a Comment

0 Comments