ایک سرکاری بیان کے مطابق پاکستان کی وفاقی کابینہ نے ایک صدارتی آرڈیننس کے ذریعے 30 جون کو ختم ہونے والی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم میں مزید ایک ماہ کی توسیع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ایک سرکاری بیان کے مطابق عوام اور کاروباری اور دیگر حلقوں کی طرف سے حکومت کو اس اسکیم کی مدت میں توسیع کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔ گزشتہ حکومت نے رواں سال اپریل میں یہ اسکیم جاری کی تھی جس کے تحت وہ افراد جو ملک کے اندر اور بیرون ملک غیر قانونی اثاثہ یا سرمایہ رکھتے ہیں وہ رواں سال 30 جون سے پہلے ایک مخصوص شرح ٹیکس ادا کر کے اپنے ان اثاثوں کو ظاہر کر سکتے تھے۔
اس وقت بتایا گیا تھا کہ اس اسکیم کا مقصد زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کو ٹیکس کے دائرہ کار میں شامل کرنا ہے تاکہ ملک کے محصولات میں اضافہ کیا جائے۔ یہ اسکیم ایک ایسے وقت سامنے لائی گئی تھی جب پاکستان کی کم ہوتی ہوئی برآمدات اور بیرونِ ملک سے ترسیلاتِ زر کی کمی کی وجہ سے پاکستان کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی کمی واقع ہو رہی تھی۔ تاہم اب تک سرکاری طور پر اس اسکیم کے تحت حاصل ہونے والے محصولات کی تفصیل سامنے نہیں آئی ہے۔
0 Comments