قرارداد پاکستان کے 78 سال پورے ہونے پر آج ملک بھر میں یومِ پاکستان روایتی جوش و خروش سے منایا گیا اور مرکزی تقریب وفاقی دارالحکومت کے شکرپڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں ہوئی۔ علی الصبح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی، جبکہ نماز فجر کے بعد مساجد میں ملک کی ترقی، خوشحالی، سلامتی اور امن کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔ آج سے 77 سال قبل 1940ء کو اس دن لاہور کے منٹوپارک میں مسلم لیگ کے اجتماع میں تاریخی قرارداد پاکستان کی منظوری دی گئی جس کی وجہ سے جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کیلئے ایک الگ وطن کے قیام کی راہ ہموار ہوئی۔
پاکستان میں حکومتی سطح پر ہر سال 23 مارچ کو تقریبات منعقد کی جاتی ہیں، جب کہ فوجی پریڈ کو تقریبات میں منفرد اہمیت حاصل ہے۔ یوم پاکستان کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں شکرپڑیاں کے پریڈ گراؤنڈ میں صبح 9 بجے شروع ہوئی، جس میں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے سلامی پیش کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی صدر مملکت ممنون حسین تھے جبکہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی، ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان، وزیر دفاع جہانگیر دستگیر سمیت اراکین پارلیمان اور دیگر رہنماؤں اور مہمانوں نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں سری لنکا کے صدر متھری پالا سری سینا نے بھی خصوصی طور پر یومِ پاکستان کی مرکزی تقریب میں شرکت کی۔
0 Comments