ایک سال کے دوران پاکستان کے بیرو نی قرضوں میں 13 ارب 13 کروڑ ڈالر کا اضا فہ ہوا ہے۔ اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے ذمے بیرونی قرضے 89 ارب ڈالر ہو گئے۔ اسلام آباد سے اشرف ملخم کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے بیرونی قرضے گذشتہ سال کے دوران 13 ارب 13 کروڑ ڈالر کے اضافے کے ساتھ 89 ارب ڈالر ہو گئے۔ جو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔ گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ کہتے ہیں ملکی معیشت بہتری کی جانب بڑھ رہی ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ بیرونی قرضوں کی تفصیلات کے مطابق حکومتی قرضہ 70ارب 50 کروڑ ڈالر ہو گیا ہے ۔ ان میں طویل المدتی قرضوں کا حجم 59 ارب 45 کروڑ ڈالر اور قلیل المدتی قرضوں کا حجم ایک ارب 16 کروڑ ڈالر ہے۔ حکومتی کنٹرول میں مختلف اداروں کے ذمے 3 ارب 10 کروڑ کا قرضہ ہے جبکہ حکومتی ضمانت پر نجی شعبے کی طرف سے لئے جانے والے قرضوں کا حجم 7 ارب 24 کروڑ ڈالر ہے۔ مختلف بینکوں نے بیرون ملک سے 4 ارب 70 کروڑ ڈالر کا قرض لیا ہوا ہے۔ آئی ایم ایف کو 5 ارب 91 کروڑ ڈالر ادا کرنے ہیں جبکہ 3 ارب 50 کروڑ ڈالر براہ راست سرمایہ کاروں کو اد اکئے جانے ہیں۔
0 Comments