All About Pakistan

6/recent/ticker-posts

راؤ انوار کے جعلی پولیس مقابلوں کی تحقیقات کیلئے درخواست دائر

سابق ایس ایس پی راؤ انوار کے گرد گھیرا تنگ کر تے ہوئے ان کے جعلی پولیس مقابلوں کی تحقیقات کیلئے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی، جس میں ہوم سیکریٹری، آئی جی سندھ سمیت دیگر اعلیٰ حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار مزمل ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ پولیس افسر راؤ انوار اب تک 250 افراد کو قتل کر چکا ہے اور اب تک کسی ایک پولیس مقابلے کی آزادانہ تحقیقات نہیں کرائی گئیں۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ راؤ انوار نے دوران ملازمت اختیارات سے تجاوز کیا، وہ طویل عرصے سے ملیر میں ہی تعینات رہے اور جعلی پولیس مقابلوں کے باوجود اُن کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔
درخواست گزار مزمل ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ جعلی مقابلوں کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطح کا بورڈ تشکیل دیا جائے۔

مزمل ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ راؤ انوار کے اثاثوں کی بھی تحقیقات کرائی جائیں اور یہ بھی تحقیقات کرائی جائے کہ انہوں نے دبئی میں جائیدادیں کیسے بنائیں۔ راؤ انوار کے خلاف دائر درخواست کے مزید مندرجات میں ان کی جانب سے 1992 سے 2018 تک معصوم شہریوں کو جعلی مقابلوں میں قتل کیے جانے کا بھی تذکرہ کیا گیا ہے۔ مزمل ایڈووکیٹ کے مطابق راؤ انوار نے نہ صرف شہریوں کو قتل کیا بلکہ ان کے اہل خانہ سے رقم بھی بٹوری، مختلف مواقعوں پر شہریوں کی جانب سے راؤ انوار کے خلاف شکایات بھی کی گئیں مگر اعلیٰ پولیس افسران نے تحقیقات نہیں کرائیں۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ راؤ انوار کو متعدد بار معطل تاہم پھر بحال کیا گیا، تحقیقات کرائی جائیں کہ راؤ انوار کو شہریوں کو قتل کرنے کے احکامات کون دیتا رہا ہے۔
 

Post a Comment

0 Comments