امریکی اخبار نے ڈونلڈ ٹرمپ کوتنبیہہ کی ہے کہ امریکا کو دی گئی رسائی پاکستان کسی بھی لمحے بند کر سکتا ہے اس لیے وہ پاکستان سے منہ پھیرنے کے متحمل نہیں ہو سکتے ہیں۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمزکے اداریے کے مطابق پاکستان نے اہم خفیہ معلومات اکثر امریکا کوفراہم کی ہیں، افغانستان کیلیے ہرفوجی پرواز پاکستانی فضا سے گزرتی ہے اور زیادہ ترسپلائی پاکستانی ریل یا روڈ سے ہوتی ہے، یہ دیکھنا ہو گا کہ امداد منجمد کرنے پر پاکستان تعاون کرتا بھی ہے یا نہیں، پاکستان کے خلاف فیصلے سے لگتا نہیں کہ ٹرمپ کے پاس اثرات سے نمٹنے کی پالیسی ہے جب کہ امریکا کو دی گئی رسائی پاکستان کسی بھی لمحے بند کر سکتا ہے۔
اخبار کے مطابق ٹرمپ اس بات کے متحمل نہیں ہو سکتے کہ پاکستان کو چھوڑ دیں، اس صورت میں پاکستان، چین کا زیادہ قریبی اتحادی بن سکتا ہے، ٹرمپ کا پرانے پارٹنرز کو امریکا سے دور کرنے کا فیصلہ چین کیلیے فائدہ مند ثابت ہو گا، بھارت کے خلاف زیادہ سخت رویہ اپنا سکتا ہے۔ اداریے میں کہا گیا کہ پاکستان کے زیادہ تعمیری تعاون کیلیے ٹرمپ کو سفارتی طریقے اپنانے چاہئیں، امریکا کو سعودی عرب اور امارات سے نئے دوستانہ تعلقات استعمال میں لانا چاہیے، ان دونوں ممالک کے ذریعے طالبان کی خلیج فارس میں فنڈ اکھٹا کرنے کی کوشش ناکام بنانا چاہیے جب کہ پاکستان سے تعاون کیلیے ٹرمپ کو شور مچانے کے بجائے خاموش بات چیت کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کی ہر طرح کی مالی و فوجی امداد روکتے ہوئے تمام تر سیکیورٹی تعاون معطل کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد پاک امریکا تعلقات تناؤ کا شکار ہو گئے ہیں۔
0 Comments