سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائیٹ ’فیس بک‘ کے ایک سابق ایگزیکٹو ڈپٹی ڈائریکٹر نے سوشل میڈیا کے ذریعے معاشرے کو تباہ کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے ’فیس بک‘ کے ساتھ سرگرم رہنے پر شرمندگی کا اظہار کیا ہے۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق اسٹانفرڈ یونیورسٹی میں لیکچر کے دوران ’فیس بک‘ کے سابق سینیر عہدیدار چامتھ پالیھا پیٹیا نے کہا کہ میں نے خود بھی ’نیلی ویب سائیٹ‘ فیس بک‘ استعمال کرنا چھوڑ دی اور اپنے بچوں کو بھی اس سے منع کر دیا ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ ’میں سمجھتا ہوں کہ ہم نے ’سوشل فیبرک‘ کو تباہ کرنے کے آلات ایجاد کیے ہیں۔ ان کا اشارہ فیس بک اور اس قبیل کی دوسری ویب سائیٹس کی طرف تھا۔ پالیھا پیٹیا نے بتایا کہ وہ ’فیس بک‘ میں صارفین میں اضافے کے نگران تھے اور 2007ء سے 2011ء تک ’فیس بک‘ کے ساتھ کام کیا۔ آج میں فیس بک کے ساتھ کام کرنےکو گناہ کبیرہ سمجھتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نہ صرف فیس بک بلکہ تمام سوشل ویب سائیٹس کو لمبے عرصے کے لیے بند کر دیا جائے۔ دوسری جانب فیس بک کے مالک اور چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے کمپنی کے سابق سینیر عہدیدار کے بیانات کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’چامتھ پالیھا پیٹیا‘ چھ سال سے کمپنی سے دور ہیں۔ ان کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں۔ ’فیس بک‘ نے معاشروں کو تباہ نہیں بلکہ آپس میں جوڑا ہے۔
0 Comments