کراچی کے قریب بندرگاہ محمد بن قاسم پر کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹ کے پہلے فیز کا افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ سی پیک اور توانائی کے منصوبوں کی تکمیل سے ملک میں معاشی انقلاب آئے گا اور ملک میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ حکومت نے توانائی کا جو منصوبہ شروع کیا ہے اسے بروقت مکمل کیا جا رہا ہے۔ آج پاکستان اضافی بجلی پیدا کرنے کے قابل ہو چکا ہے۔ پورٹ قاسم پر 1320 میگا واٹ کے بن قاسم کول پاور پروجیکٹ کے پہلے فیز کا افتتاح کیا گیا ہے۔ منصوبے کے پہلے فیز سے 660 میگاواٹ بجلی حاصل ہو گی۔ یہ منصوبہ چین کے تعاون سے مکمل کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق منصوبے کا دوسرا فیز فروری 2018 میں مکمل کر لیا جائے گا۔ یہ بجلی گھر سی پیک منصوبے کا حصہ ہیں۔
وزارت توانائی کے دعوے کے مطابق گذشتہ تین سال کے دوران تقریبا 7 ہزار میگا واٹ قومی سسٹم میں شامل کی گئی ہے۔ 2018 کے آخر تک نیشنل گرڈ میں 10 ہزار میگا واٹ بجلی شامل کرنے اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ حکام کے مطابق اس وقت ملک کو کم از کم 15 ہزار میگا واٹ یومیہ بجلی درکار ہے۔ ملک میں گذشتہ گرمیوں میں بجلی کا شارٹ فال 10 ہزار میگا واٹ تک پہنچ گیا تھا، تاہم سردیوں میں طلب کی کمی کے باعث یہ شارٹ فال قدرے کم ہو جاتا ہے۔
0 Comments