شمالی وزیرستان میں پاکستان الیون اوربرطانوی میڈیا الیون کے درمیان ہونے والے خیر سگالی میچ کے کامیاب انعقاد سے ثابت ہوتا ہے کہ بلاخر ’امن ‘ فتح یاب ہوا۔ اس موقع پر اپنے ایک بیان میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا بھی یہی کہنا ہے کہ ’ شمالی وزیرستان میں تاریخی اور کامیاب ایونٹ نے ثابت کر دیا کہ شمالی وزیرستان میں امن جیت گیا، پاکستانی مشکل وقت میں ثابت قدم رہتے ہیں، یہ اصل پاکستان اور وزیرستان ہے۔ اس میچ سے ساری دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستانی ایک امن پسند اور کھیلوں سے محبت کرنے والی قوم ہے۔ ادھرآئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ دہشت گر دو ں کے خلاف آپریشن میں بے گھر ہونے والے قبا ئلیو ں کی بحالی کا عمل تقریباً مکمل ہو گیا ہے، ہم دہشت گردوں کو دوبارہ پنپنے نہیں دیں گے ۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف نے پاکستان کرکٹ بورڈ، پشاور زلمی، میڈیا اور فاٹا کے بہادر لوگوں کا تاریخی میچ کے انعقاد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شمالی وزیرستان میں امن کی جیت ہوئی اور یہی نیا پاکستان اور وزیرستان ہے، ہم امن پسند قوم ہیں اور آج دنیا نے دیکھ لیا کہ باحوصلہ قومیں کس طرح مشکل حالات پر قابو پاتی ہیں ۔ انہوں نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں پاکستان الیون اور برطانوی میڈیا الیون کے درمیان میچ کے انعقاد پر پاکستان کرکٹ بورڈ، پشاور زلمی، دونوں ٹیموں اور میڈیا کے ساتھ ساتھ شمالی وزیر ستان اور فاٹا کے بہادر عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔
0 Comments