All About Pakistan

6/recent/ticker-posts

موسم گرما : پاکستان میں ریکارڈ گرمی

پاکستان بھرمیں گرمی کی شدت میں ہر گزرتے روز کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے اور محکمہ موسمیات نے رواں سال موسم گرما کو پاکستانی تاریخ کا گرم ترین قراردیا ہے۔ پرو پاکستانی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے متعدد علاقوں میں گزشتہ چند روز کے دوران درجہ حرارت 46 سے 52 سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر غلام رسول نے بتایا کہ پاکستان کو غیر معمولی موسمیاتی صورتحال کا سامنا ہے جس کی وجہ سے گرمی کے نت نئے ریکارڈز قائم ہو رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا جون کے آغاز میں اسلام آباد کا درجہ حرارت 46 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا 'یہ پاکستانی تاریخ میں پہلی بار تھا کہ اسلام آباد میں جون کے آغاز پر لگاتار دو دن تک درجہ حرارت 45 سینٹی گریڈ سے زائد رہا'۔ اسی طرح ڈیرہ اسمعیل خان میں بھی ریکارڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ، جہاں اتوار کو درجہ حرارت 51 سیٹی گریڈ تک پہنچا اور 31 سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا جو کہ 1986 میں 50 سینٹی گریڈ کا تھا۔


ڈاکٹر غلام رسول کے مطابق بہت زیادہ درجہ حرارت کے باعث بارش کم برسے گی، تاہم گرد آلود ہواﺅں کے ساتھ آندھی، طوفان، ژالہ باری وغیرہ کا سامنا ہو گا۔
انہوں نے اس ریکارڈ گرم موسم کی وجہ تو بیان نہیں کی مگر یہ ممکنہ طور پر موسمیاتی تبدیلیوں کا نتیجہ ہے۔ ایک حکومتی تخمینہ کے مطابق پاکستان کو منفی موسمیاتی تبدیلیوں سے تقریباً 20 ارب ڈالر کا نقصان پہنچا ہے۔ قومی اسمبلی میں حکومت کی جانب سے جمع کرائی گئی تفصیلی رپورٹ میں اعتراف کیا گیا ہے کہ پاکستان ان ممالک میں سے ہے جو پچھلے چند سالوں میں موسمیاتی تبدیلیوں سے بری طرح متاثر ہوئے، جبکہ موسم کے بڑھتے ہوئے اثرات سے بچنے کے لیے اس کے پاس، تکنیکی اور مالیاتی وسائل کی بھی کمی ہے۔
 

Post a Comment

0 Comments