All About Pakistan

6/recent/ticker-posts

ایدھی کی یاد میں یادگاری سکوں کا اجراء

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے خدمت انسانیت کے علمبردار مرحوم عبدالستار ایدھی کی خدمات کے اعتراف میں 50 روپے مالیت کا یادگاری سکہ جاری کر دیا۔ اس سلسلے میں منعقدہ خصوصی تقریب میں گورنر اسٹیٹ بینک اشرف محمود وتھرا نے خصوصی سکے عبدالستار ایدھی کے صاحبزادے فیصل ایدھی کو پیش کیے۔ یاد رہے کہ عبدالستار ایدھی وہ واحد سماجی کارکن ہیں جن کے نام پر یادگاری سکے جاری کیے گئے ہیں۔ پاکستان میں اب تک یہ اعزاز صرف پانچ شخصیات کو حاصل ہے جن میں قائداعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال، محترمہ فاطمہ جناح، محترمہ بے نظیر بھٹو اور اب عبدالستار ایدھی بھی شامل ہیں۔

اس سکے کا کل وزن 13.5 گرام ہے جبکہ یہ 75 فیصد تانبہ اور 25 فیصد نکل پر مشتمل ہے۔ گورنر اسٹیٹ بینک اشرف وتھرا کے مطابق ابتدائی طور پر پانچ ہزار سکے جاری کیے گئے ہیں جو 16 مراکز پر دستیاب ہونگے جبکہ ضرورت پڑنے پر مزید سکے جاری کر دیے جائیں گے۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے اس موقع پر عبدالستار ایدھی کی انسانیت کے لیے خدمات کو سراہا اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب میں موجود فیصل ایدھی نے کہا کہ ’میں اسٹیٹ بینک کا مشکور ہوں جنہوں نے عبدالستار ایدھی کی خدمات کے اعتراف میں یادگاری سکے جاری کیے‘۔ فیصل ایدھی کا مزید کہنا تھا کہ ’عبدالستار ایدھی عوام کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے اور لوگوں کی فلاح کے لیے ان کا مشن ہمیشہ جاری رہنا چاہیے‘۔
سکے پر سامنے کی جانب عبدالستار ایدھی کا سال وفات درج ہے جبکہ سکے کے عقبی رخ پر عبدالستار ایدھی کی تصویر اور عرصہ حیات بھی درج ہے۔
خیال رہے کہ ایدھی فاؤنڈیشن کے بانی عبدالستار ایدھی رواں ماہ 8 جولائی کی شب 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے، انہیں گردوں کا عارضہ لاحق تھا۔
گزشتہ برس جولائی میں ہی وزیراعظم نواز شریف نے اسٹیٹ بینک کو ہدایات جاری کی تھیں کہ سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کی یاد میں یادگاری سکے جاری کیے جائیں۔ پاکستان میں عبدالستار ایدھی کو انسانیت کی خدمت کے اعتبار سے لیجنڈ کا درجہ حاصل ہے، انہوں نے خالی ہاتھ اپنا سفر شروع کیا اور ایدھی فاؤنڈیشن کی بنیاد رکھی۔ ایدھی اور ان کی ٹیم نے میٹرنٹی وارڈز، مردہ خانے، یتیم خانے، شیلٹر ہومز اور اولڈ ہومز بھی بنائے، جس کا مقصد معاشرے کے غریب و بے سہارا لوگوں کی مدد کرنا تھا۔

اس ادارے کا نمایاں کارنامہ 1500 ایمبولینسوں پر مبنی ایمبولینس سروس ہے جو ملک میں دہشت گرد حملوں کے دوران بھی غیر معمولی طریقے سے اپنا کام کرتی نظر آتی ہیں۔ سنہ 2000ء میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں ایدھی فاؤنڈیشن کا نام دنیا کی سب سے بڑی فلاحی ایمبولینس سروس کے طور پر درج کیا گیا تھا۔

Post a Comment

0 Comments