All About Pakistan

6/recent/ticker-posts

آپ کس خوشی میں ویلنٹائن ڈے مناتے ہیں؟

بڑی عجیب بات ہے لوگوں کو عشق ہو جاتا ہے اوریہ عشق ہمیشہ جنس مخالف سے ہی ہوتا ہے۔ ہم ضرورتوں کو محبت کا نام دے دیتے ہیں عشق کا نام دے دیتے ہیں ۔ یہ ہماری ضرورت ہے اور بعض اوقات یہ ہوتا ہے کہ شادی سے پہلے تو بڑا عشق ہوتا ہے اور چند ہفتے گزرتے ہیں تو نوبت طلاق تک پہنچ جاتی ہے یعنی ایک دوسرے کو صحیح جانتے نہیں ہوتے۔ جب ایک دوسرے پر کھلتے ہیں توکہتے ہیں کہ ہمارا تو گزارا نہیں ہو سکتا یہ کہاں کا عشق ؟ عشق ایک کیفیت کا نام ہے کہ جب آپ کو احساس ہو کہ کوئی میرا بہت ہی خیال رکھنے والا ہے مجھے خود اپنا اتنا خیال نہیں جتنا میری بہتری چاہنے والا میرا خیال رکھتا ہے۔
اس کے جواب میں جو آپ کو اس ہستی سے محبت ہو گی ایک کیفیت آپ کے دل پر آئے گی آپ اس سے پیار کریں گے اسے اچھا جانیں گے اس کا احترام کریں گے اسی کا نام عشق ہے۔ اور سوائے اﷲ کے کوئی دوسرااس کا مستحق ہی نہیں کہ سب سے زیادہ ہماراخیال وہی رکھتا ہے جو آنکھ کے ایک ایک ذرے، باڈی کے ایک ایک سیل کی نشو ونما کررہا ہے ۔ ہم اسے مانیں یا نہ مانیں، ہم جانیں یا نہ جانیں وہ چلا رہا ہے ۔ پھر عشق ہے اس ذات کے ساتھ جس نے ہمیں اﷲ سے آشنا کردیا اگر درمیان میں وہ ذات نہ ہو تو ہم اپنی سوچ ، اپنی فکر سے ﷲ تک نہیں پہنچ سکتے ، تو عشق وہ ہے جو آپ کو اپنے نبی ؐسے ہو گا جس نے آپ کی ہرضرورت کی خوبصورت راہ متعین کر دی۔ اگر آپ ان راہوں پرچلیں تو اس دنیا میں بھی آپ معزز و معتبراور آخرت میں بھی آپ معزز اور معتبر اور اﷲ کی بارگاہ میں سرخرو انسانوں کا اتنا زیادہ بھلا چاہنے والا کون ہے ؟۔ 

اگر یہ نسبتیں پیدا ہو جائیں تو یہ عشق ہے ۔ جنس مخالف سے محبت نہیں ہے ہماری ضرورت ہے ہاں کسی میں انسانیت ہو تو وہ محض اسے ضرورت نہیں سمجھتا پھر وہ اس کا احترام بھی کرتا ہے۔ کوئی بھی ملک کسی دوسرے ملک کے آئین کو تسلیم ہی نہیں کرتا، انہیں وہ فٹ بھی نہیں بیٹھتا اور اس پروہ عمل کر بھی نہیں سکتے ۔ان کے موسم الگ ہوتے ہیں لباس، رہائش و بودو باش الگ ہوتی ہے، طریقے الگ ہوتے ہیں ۔ آپ نے دیکھا کسی انگریز نے کھسہ پہنا ہوا ہو؟ کبھی دیکھا کسی انگریز نے شلوار قمیض پہنی ہو؟ کسی انگریز کو دیکھا اس نے شیروانی پہنی ہو؟ تو پھرآپ کس خوشی میں ٹائی تک درست کر رہے ہوتے ہیں؟

آپ پتلون کوٹ اور ٹائی لگا کر مونچھ داڑی صاف کر کے اور ٹیڑھے بال کر کے انگریز بننے کی کس خوشی میں کوشش کر رہے ہیں ؟ کسی امریکن، کسی یورپین کسی خاتون کو دیکھا اس نے برقعہ پہنا ہو، پردہ کیا ہو؟ کوئی اسلامی رسم جس کی وہ تعریف بھی کرتے ہیں ، پسند بھی کرتے ہیں، کسی نے اپنائی؟ آپ کس خوشی میں ویلنٹائن ڈے مناتے ہیں؟ آپ کسی خوشی میں اپریل فول مناتے ہیں؟ آپ کسی خوشی میں بلیک فرائی ڈے مناتے ہیں؟ اﷲ پاک شعور دے اور احساس دے، ہماری بدنصیبی یہ ہے کہ ہمارا تو احساس ضیاع بھی رخصت ہو چکا ہے۔

محمد اکرم اعوان
 

Post a Comment

0 Comments