All About Pakistan

6/recent/ticker-posts

واٹس ایپ کے 6 چھپے فیچرز جن کا آپ کو علم نہ ہو گا

اگر آپ کے پاس اسمارٹ فون ہے اور آپ اس میں انٹرنیٹ بھی استعمال کرتے ہیں تو یقینا آپ واٹس ایپ نامی ایپلی کیشن سے بخوبی واقف ہوں گے۔ بذریعہ انٹرنیٹ مفت پیغام رسائی کے لیے دنیا بھر میں استعمال ہونے والی اس مقبول ترین موبائل ایپ کو قریباً دس سال پہلے پیش کیا گیا تھا۔ ابتداء میں یہ ایپ صرف لکھے ہوئے پیغام بھیجنے اور وصول کرنے کے لیے استعمال کی جاتی تھی لیکن وقت کے ساتھ اس میں آڈیو پیغامات، تصاویر بھیجنے سے لے کر ویڈیو کال اور فائلز کی منتقلی تک بہت کچھ شامل کیا جاتا رہا ہے۔ واٹس ایپ کے چند فیچرز ایسے بھی ہیں کہ جن سے عام لوگ واقف نہیں حالانکہ ان کے استعمال سے واٹس ایپ کو زیادہ بہتر انداز سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

اس مضمون میں ہم انہی چند فیچرز کو بیان کر رہے ہیں جو بظاہر بہت معمولی لیکن حقیقت میں بڑے کام کے ہیں۔ شور مچانے والا گروپ ’’خاموش‘‘ اکثر اوقات واٹس ایپ گروپس میں ایسی گفتگو یا بحث چھڑ جاتی ہے کہ جس سے آپ کا لینا دینا نہیں ہوتا مگر نوٹیفکیشن آپ کو خاصہ تنگ کر کے رکھ  دیتے ہیں۔ لیکن چونکہ گروپ کئی اعتبار سے آپ کے لیے مفید ہے اس لیے آپ وہاں سے راہ فرار بھی اختیار نہیں کر سکتے۔ ایسی صورتحال میں آپ گروپ کو کچھ وقت کے لیے خاموش کر سکتے ہیں۔ ایپل آئی فون استعمال کرنے والوں کے لیے واٹس ایپ کے گروپ انفومیں "Mute" کا آپشن موجود ہے جبکہ اینڈرائیڈ صارفین کو گروپ چیٹ میں جا کر منیو بٹن دبانے پر یہ آپشن نظر آئے گا۔ 
انٹرنیٹ کا محدود استعمال اگر آپ اسمارٹ فون میں موبائل انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں تو جان لیں کہ واٹس ایپ بہت زیادہ انٹرنیٹ استعمال کرتا ہے۔ چونکہ واٹس ایپ پر موصول ہونے والا ہر پیغام، تصویر، آڈیویا ویڈیو فائل از خود آپ کے فون میں ڈاؤنلوڈ ہو جاتی ہے اس لیے انٹرنیٹ کی کھپت بھی بڑھتی چلی جاتی ہے۔ اگر آپ کے پاس لا محدود انٹرنیٹ موجود نہیں اور آپ اپنے پیسے بچانا چاہتے ہیں تو ابھی اپنے واٹس ایپ کی سیٹنگز میں جائیں اور Data usage آپشن پر کلک کریں۔ یہاں آپ کو مختلف آپشن نظر آئیں گے جن میں تصاویر ، آڈیو اور ویڈیو فائل ازخود ڈاؤنلوڈ بند کرنے کا آپشن بھی موجود ہو گا۔ ڈاؤنلوڈنگ صرف وائی فائی پر محدود کر دیں یا پھر بالکل بند کر کے اپنا خرچہ بچائیں۔ 

پیغامات کا منفرد انداز یوں تو واٹس ایپ پر سادہ پیغام ہی بھلا لگتا ہے لیکن اگر آپ لمبے اور طویل پیغام کرنے کی عادت رکھتے ہیں اور اس میں چند باتوں کو زیادہ واضح کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے اپنے الفاظ زیادہ گہرے یعنی bold اور ترچھے یعنی italic بھی کر سکتے ہیں۔ بس آپ کو کرنا یہ ہے کہ جس الفاظ یا جملے کو نمایاں کرنا ہے اس کے شروع اور آخر میں ’’اسٹیرک‘‘ بنا دیں۔ اسی طرح جس الفاظ کا جملے کو ترچھا انداز دینا ہو اس کے شروع اور آخر میں ’’-لائن-‘‘ بنا دیں۔

منتخب پیغام کو سنبھالنا واٹس ایپ پر دوست و احباب یا کسی گروپ میں بے تحاشہ پیغامات آتے رہتے ہیں۔ ایسے میں اس بات کا امکان بڑھ جاتا ہے کہ آپ بات چیت کے دوران بہت سے اہم پیغامات نہ ڈھونڈ پائیں۔ اس مسئلہ کا آسان حل یہ ہے کہ اس میسج کو "Star" کر دیں۔ یہ ایک طرح کا فولڈر ہے جہاں صرف وہی پیغامات نظر آئیں گے کہ جنہیں آپ سنبھال کر رکھنا چاہتے ہیں۔ بعد میں ضرورت پڑنے پر واٹس کے سینکڑوں پیغامات کو چھاننے کی ضرورت نہیں بلکہ starred message میں جائیں اور اپنا محفوظ شدہ پیغام پائیں۔ کسی بھی پیغام کو Star کرنے کے لیے اس پر کچھ دیر انگلی رکھیں اور آپشن نمودار ہونے پر ستارے کو منتخب کریں۔ 

تمام روابط کو ایک ساتھ پیغام بھیجنا اگر آپ ایک ہی میسج اپنے تمام دوستوں، عزیزوں اور رشتہ داروں کو بھیجنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے واٹس ایپ پر گروپ بنانے کی بالکل بھی ضرورت نہیں۔ جس طرح ای- میل کرتے ہوئے آپ تمام ای میل ایڈریس ایک ساتھ لکھ کر بھیج سکتے ہیں، اسی طرح واٹس ایپ پر ایک ہی پیغام دو یا زائد روابط کو بھیجنا بھی ممکن ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ہر شخص کے پاس آپ کا پیغام آپ ہی کے نمبر سے جائے گا اور اس میں کوئی ایسا اشارہ موجود نہ ہو گا کہ یہی پیغام کسی اور کو بھی بھیجا گیا ہے۔ واٹس ایپ میں یہ سہولت Broadcast کے نام سے دی گئی ہے جسے ایپ کے منیو سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

واٹس ایپ کمپیوٹر اسکرین پر واٹس ایپ نے موبائل پیغامات کو کمپیوٹر اسکرین پر پڑھنے اور ان کا جواب دینے کی سہولت بھی فراہم کی ہوئی ہے۔ اسے استعمال کرنے کے دو طریقے ہیں۔ پہلا طریقہ یہ ہے کہ اپنے کمپیوٹر کے آپریٹنگ سسٹم کے مطابق واٹس ایپ کی ویب سائٹ پر موجود سافٹ ویئر ڈاؤنلوڈ کر کے انسٹال کر لیں۔ دوسرا طریقہ نسبتاً واٹس ایپ کا ہے جسے web.whatsapp.com پر بغیر کسی قسم کی ڈان لوڈنگ اور انسٹالیشن استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ان دونوں ہی طریقوں میں واٹس ایپ براہ راست کمپیوٹر اسکرین سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ بس ابتداء میں اپنے فون سے صرف پہلی مرتبہ QR کوڈ اسکین کرنا ہو گا اور پھر آپ کے گھر والے پریشان ہوں گے نا ہی دفتر والے۔ 

دانش احمد انصاری

Post a Comment

0 Comments