All About Pakistan

6/recent/ticker-posts

دنیائے انسانیت کا روشن چراغ بجھ گیا، عبدالستار ایدھی ہم میں نہ رہے

 انسانی خدمت کی عظیم ہستی اور ممتاز سماجی رہنما عبدالستار ایدھی انتقال کرگئے۔ ممتاز سماجی رہنما عبدالستار ایدھی گزشتہ کئی روز سے سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹ (ایس آئی یو ٹی) میں زیرعلاج تھے جہاں دوران علاج وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ عبدالستار ایدھی کے گردے ناکارہ ہوچکے تھے آج جب انہیں سانس کی تکلیف ہوئی تو انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا جہاں 6 گھنٹے کے بعد ان کا انتقال ہوگیا۔
عبدالستار ایدھی کے صاحبزادے قیصر ایدھی نے ان کی وفات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کل بعد نماز ظہرعبدالستار ایدھی کی نماز جنازہ میمن مسجد میں ادا کی جائے گی اور ان کی وصیت کے مطابق ایدھی ولیج میں تدفین ہوگی۔ والد کے انتقال سے متعلق بتاتے ہوئے قیصر ایدھی زار و قطار روتے رہے جن کا کہنا تھا کہ عبدالستار ایدھی نے وصیت کی تھی کہ انہیں اسی کپڑوں میں دفنایا جائے جس میں ان کا انتقال ہو اس لئے عبدالستار ایدھی کی وصیت پرعمل کیا جائے گا۔

عبدالستارایدھی کے انتقال کے بعد سیاسی و سماجی رہنماؤں کی جانب سے تعزیتی بیانات کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے اپنے بیان میں عبدالستار ایدھی کے اہلخانہ سے اظہارافسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی پاکستان کا حقیقی اثاثہ تھے، ہم انسانیت کی خدمت کرنے والی عظیم ہستی سے محروم ہوگئے، اللہ تعالی ایدھی صاحب کا سفر آخرت آسان کرے۔ چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان ایک عظیم سرمائے سے محروم ہوگیا، دکھ کی اس گھڑی میں ایدھی صاحب کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔

واضح رہے کہ عبدالستار ایدھی کے گردے ناکارہ ہوچکے تھے اور زیادہ عمرہونے کی وجہ سے ان کے گردوں کی پیوند کاری بھی نہیں ہوسکتی تھی جس کی وجہ سے ہفتے میں 2 سے 3  مرتبہ ان کا ڈائلیسسز کیا جاتا ہے۔

Post a Comment

0 Comments