دنیا بھر میں یہ چلن ہے کہ بہت سے مقامات کو وہاں موجود خوبصورتی کے تحفظ کے باعث پارک قرار دیا جاتا ہے اوردلچسپ بات یہ ہے کہ یہی خوبصورتی ان پارکوں کو حیرت انگیز بھی بناتی ہے۔ یوں تو دنیا بھر میں انگنت خوبصورت نیشنل پارک موجود ہیں اور تمام کا احاطہ کرنا تقریباً ناممکن ہے۔ تاہم پاکستان میں پائے جانے والے چند خوبصورت نیشنل پارکوں کے بارے میںیہاں بتائیں گے: ہنگول نیشنل پارک ہنگول نیشنل پارک بلوچستان اور پاکستان کا سب سے بڑا نیشنل پارک
ہے، جو چھ لاکھ انیس ہزار ایکڑ رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔
اس پارک میں ایبیکس، یورال، چنکارہ، لومڑی، گیڈر، بھیڑیا وغیرہ شامل ہیں۔ پرندوں میں تیتر، ہوبارہ، بوسٹرڈ، باز، چیل، مرغابی، ترن، فالکن وغیرہ شامل ہیں جبکہ رینگنے والے جانوروں میں دلدلی مگرمچھ، لمبی چھپکلی، موٹی زبان والی چھپکلی، وائپر اور کوبرا ناگ وغیرہ کے علاوہ کئی اور سمندری حیوانات بھی شامل ہیں۔ کیرتھر نیشنل پارک کیرتھر نیشنل پارک پاکستان کا دوسرا بڑا نیشنل پارک ہے جبکہ 1973ء میں اپنے قیام کے بعد ملک کا پہلا نیشنل پارک ہونے کا اعزاز بھی اسے ہی حاصل ہوا تھا جو کہ تین لاکھ 58 ہزار سے زائد ایکڑ رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔
کیرتھر نیشنل پارک پاکستان کے صوبہ سندھ کے ضلع جامشورو اور کراچی میں موجود کیرتھر پہاڑی سلسلے میں واقع ہے، یہاں متعدد انتہائی نایاب اور منفرد اقسام کے جانور پائے جاتے ہیں جن میں چنکارہ ہرن، جنگلی بھیڑیں، اڑیال، صحرائی بلے، جنگلی چوہے اور مگرمچھوں کے ساتھ کئی اقسام کے سانپ نمایاں ہیں، اسی طرح سردیوں میں یہاں راج ہنس، سنہرے عقاب اور متعدد اقسام کے پرندوں کو دیکھا جاسکتا ہے۔ خنجراب نیشنل پارک یہ پاکستان کا تیسرا بڑا نیشنل پارک ہے اور شاہراہ قراقرم پر پاک چین سرحد پر واقع ہے، جو دو لاکھ 26 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔
یہاں کے خوبصورت پہاڑی مناظر دیکھنے والوں پر جادو کر دیتے ہیں جبکہ اس علاقے کو نیشنل پارک کا درجہ خوبصورت سینگوں والے مارکوپولو شیپ کی نسل کو بچانے کے لیے دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ یہاں برفانی چیتا، آئی بیکس، بھورا ریچھ، تبتی سرخ لومڑی اور خرگوش کے علاوہ کئی اقسام کے پرندے بھی پائے جاتے ہیں۔ چترال گول نیشنل پارک چترال کا نام سنتے ہی ایک خوابوں کی نگر جیسی وادی کا تصور ذہن میں ابھرتا ہے اور ان ہی جنت نظیر نظاروں کے درمیان یہ نیشنل پارک واقع ہے، جس کا کل رقبہ 7745 ایکڑ ہے۔
یہاں برفانی چیتے، کالا ریچھ، مارخور، اڑیال اور لومڑی کے علاوہ دیگر کئی جانور اپنے قدرتی ماحول میں موجود ہیں اور انسانوں کی دسترس سے دور ہیں۔ ہزار گنج چلتن نیشنل پارک ہزار گنج نیشنل پارک کوئٹہ سے 20 کلو میٹر دور جنوب مغرب میں واقع ایک انتہائی خوبصورت پارک ہے۔ اس کا رقبہ 32,500 ایکڑ ہے اور سطح سمندر سے 2021 میٹر بلندی پر واقع ہے۔ اسے 1980ء میں جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے قائم کیا گیا، یہ پارک قدرتی پہاڑی ماحول کی عکاسی کرتا ہے۔ یہاں مغرب میں چلتن اور مشرق میں ہزار گنج پہاڑی سلسلہ ہے، اس پارک میں ایک بہترین عجائب گھر دیکھنے کے لائق ہے جبکہ یہاں تفریح کیلئے خوبصورت مقامات بھی ہیں جس کے باعث باہر سے سیر کیلئے آنے والے یہاں رہتے ہوئے اس خوبصورتی سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
0 Comments