All About Pakistan

6/recent/ticker-posts

گوگل کے فائدے


کچھ تلاش کرنا ہو، کسی کی جستجو ہو۔۔۔ذہن میں ایک ہی نام آتا ہے ’’گوگل‘‘  اب تو تلاش اور گوگل یوں لازم وملزوم ہوچکے ہیں کہ کسی بھی حوالے سے معلومات کی تلاش کے لیے کہا جاتا ہے ’’گوگل کرلو۔‘‘ گوگل کی اس قدر اہمیت اور اس کے اتنے زیادہ استعمال کے باوجود اس سرچ انجن کی کئی افادیتوں سے یوزرز کی اکثریت واقف ہی نہیں۔ آئیے ہم آپ کو گوگل سرچ کے پانچ ایسے فیچرز بتاتے ہیں جو آپ کی روزمرہ زندگی میں سودمند ثابت ہوں گے
موسم کیا کہتا ہے

اپنے شہر، گاؤں یا قصبے کے موسم کا حال جاننے کے لیے اب آپ کو بار بار ٹی وی دیکھنے کی ضرورت نہیں۔ بس گوگل پر جائیے اور اس سرچ انجن کی بار میں اپنے علاقے کے نام کے ساتھ Weather لکھ کر سرچ کیجیے۔ اس طرح گوگل نہ صرف آپ کو اس دن کے موسم کے بارے میں پیش گوئیاں بتادے گا بلکہ اگلے ہفتے کا بھی پورا ڈیٹا آپ کے سامنے ہوگا۔

جب لفظ کا مطلب جاننا ہو

انگریزی کے کسی لفظ کا مطلب معلوم کرنے کے لیے آپ کو بھاری بھرکم ڈکشنریاں رکھنے اور چھاننے کی ضرورت ہے نہ انٹرنیٹ پر کہیں اور جانے کی۔ بس گوگل پر یہ لفظ لکھیں، آپ کو اس کے معنی، بولنے کا طریقہ اور گرامر سمیت سب کچھ معلوم ہوجائے گا۔ یہی نہیں، آپ کو اس لفظ سے ملتے جلتے اور متضاد الفاظ بھی اسکرین پر دکھادیے جائیں گے۔

حساب جوڑنے کے لیے

کمپیوٹر پر کام کرتے ہوئے اگر آپ کو اعداد کو ضرب دینے یا تفریق کرنے کی ضرورت پڑے تو گوگل آپ کے کام آئے گا۔ سرچ باکس میں Calculator ٹائپ کیجیے، دیکھتے ہی دیکھتے گوگل کیلکولیٹر آپ کے تمام حسابی مسائل حل کردے گا۔ وہ لوگ جنھیں ارب یا کھرب کے صفر یاد نہیں رہتے، ان کے لیے یہ سہولت موجود ہے کہ وہ لفظوں کی صورت میں اپنا مدعا بیان کرکے جواب حاصل کرسکتے ہیں، جیسے what is million divided by 200 لکھ کر آپ کو جواب مل سکتا ہے۔

کس کرنسی کا کیا ہے بھاؤ

اگر آپ ڈالر کی قیمت پاکستانی روپوں میں جاننا چاہتے ہیں یا کسی بھی کرنسی کا مقابلہ اپنے ملک کی یا کسی اور ملک کی کرنسی سے کرنا چاہتے ہیں تو گوگل پر جا کرcurrency converter لکھیے آپ کے سامنے یہ ایپلی کیشن کھل جائے گی۔ پھر چاہے جس کرنسی کا ریٹ معلوم کیجیے۔

کہاں کیا وقت ہے

عالمی گاؤں بن جانے والی اس دنیا میں اکثر ہمیں دوسرے ممالک کے اوقات جاننے کی ضرورت پڑتی ہے۔ مثلاً ہمیں کسی دوسرے ملک میں مقیم اپنے کسی عزیز کو فون کرنا ہے تو ہمارے لیے یہ جاننا ضروری ہوگا کہ اس مقصد کے لیے متعلقہ ملک کی مناسبت سے کون سا وقت مناسب ہوگا۔ اس مسئلے کا حل بھی گوگل کے پاس موجود ہے۔ اگر آپ یہ جاننا چاہتے ہیں کہ اس وقت آئرلینڈ میں کیا وقت ہوگا، تو آپ گوگل سرچ کی بار میں time ireland ٹائپ کرکے آئرلینڈ کا صحیح وقت اور تاریخ معلوم کرسکتے ہیں۔

Post a Comment

0 Comments