All About Pakistan

6/recent/ticker-posts

ایک حرف نہ لکھنے والا... سقراط......


اس یونانی فلسفی کی تعلیمات نے دنیا بھرکے معاشروں پرگہرے نقوش مرتب کیے ****** کہا جاتا ہے کہ یونان کے فلسفی سقراط ( 399ق م۔469 ق م)نے خودکبھی ایک حرف بھی نہیں لکھا ،لیکن اس کے کہے لفظوں اور تعلیمات نے معاشرہ پر اتنے گہرے نقوش مرتب کیے کہ وہ یونانی ادب کے اہم ترین مشاہیر کی صف میں جگہ پانے کا مستحق ٹھہرا۔ فلسفہ کی تاریخ میں تو ظاہر ہے اسے مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ سقراط کا باپ سنگ تراش اور ماں دایہ تھی۔ دونوں مِل کر جو کماتے تھے وہ ان کی گزربسر کے لیے کافی تھا۔ 

سقراط کو نوجوانی میں کبھی فکرِمعاش لاحق نہ ہوئی۔ اس نے متداول فلسفہ میں درک حاصل کیا۔ ابتدا میں اسے طبیعی فلسفہ سے لگائو تھا جو رفتہ رفتہ بالکل سرد پڑ گیا اور اس کے بجائے یہ معلوم کرنے کی چیٹک لگی کہ زندگی بسر کرنے کی وہ روش کون سی ہے جسے انسانوں کے لیے سب سے مستحسن قرار دیا جا سکتا ہے۔ اس کی آمدنی کا کوئی مستقل ذریعہ نہ تھا۔ وہ اپنے نوجوان شاگردوں سے، جن میں بہت سے ایتھنز کے امیرکبیر گھرانوں سے تعلق رکھتے تھے، معاوضہ لینا تو درکنار ان کے پیش کیے ہوئے تحائف قبول کرنے سے بھی ہچکچاتا تھا۔ فوجی مہمات سے قطع نظر، سقراط نے کبھی اپنی مرضی سے ایتھنز سے باہر جانے کی زحمت گوارا نہیں کی بلکہ اسے یہ علم بھی نہ تھا کہ شہر کے آس پاس کون کون سے قابلِ دید مقامات ہیں۔ 

اس کے پاس جو تھوڑی بہت جائیداد تھی وہ اس کی بھی ٹھیک طرح سے دیکھ بھال نہ کر سکا۔ بس وہ ایتھنز میں اِدھر اْدھر گھوم پھر کر لوگوں سے، اعلیٰ ادنیٰ کی تخصیص کے بغیر، ان کے عقائد اور اخلاقی تصورات کے بارے میں سوال جواب کرتا رہتا۔ بحث میں اس کے سامنے کسی کی پیش نہ چلتی تھی۔ اس کا کہنا تھا کہ اس نے اپنی ماں کا پیشہ اپنا لیا ہے اور افکار جنانے کا کام انجام دیتا رہتا ہے۔سقراط کی زندگی کا ایک تابناک پہلو یہ ہے کہ ان صبرآزما دنوں میں جب پیلوپونے سوسی جنگ میں شکست کے بعد ایتھنز والوں پر جھنجھلاہٹ اور جنون طاری تھا اور انھوں نے اخلاقی اور سیاسی پستیوں کو چْھو لیا تھا اس نے ہر بار، جان ہتھیلی پر رکھ کر، حق و انصاف ہی کا ساتھ دیا۔سقراط پر بعض دفعہ جذب کی کیفیت طاری ہو جاتی تھی اور وہ پہروں اس میں ڈوبا رہتا تھا۔430 ق م میں ایک فوجی مہم کے دوران وہ ایک صبح سے اگلی صبح تک ایک ہی جگہ، بے حس و حرکت، محویت کے عالم میں کھڑا رہا۔ اس کا یہ بھی کہنا تھا کہ کبھی کبھی ایک غیبی آواز اسے بعض کاموں سے باز رہنے کی تاکید کرتی ہے۔

 ڈیلفی کے مشہور ہاتف کدے (معبد) میں ایک بار کسی نے استفسار کیا کہ آیا کوئی آدمی سقراط سے زیادہ دانش مند ہے۔ جواب ملا: کوئی نہیں۔ اس جواب نے سقراط کو حیرت زدہ کردیا۔ اسے یہ تو یقین تھا کہ اپولودیوتا غلط بیانی سے کام نہیں لے سکتا، لیکن اسے یہ بھی معلوم تھا کہ وہ خود دانش کی الف ب سے بھی واقف نہیں۔اس چیستان کو سمجھنے کے لیے اس نے ان اشخاص سے رجوع کیا جو اہلِ دانش کہلاتے تھے اور معاشرہ کے سبھی طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے رہنمائی چاہی۔ پتا آخر کو یہ چلا کہ لوگوں کے ذہن پراگندہ خیالی سے اٹے پڑے ہیں۔ انجامِ کار سقراط اس نتیجے پر پہنچا کہ دیوتا اکیلا ہی دانا و بینا ہے اور اس نے سقراط کی فراست پر صاد کرکے صرف یہ جتایا ہے کہ جس دانائی پر انسانوں کو ناز ہے وہ محض ہیچ و پوچ ہے۔ ہاتف نے سقراط کا نام مثال کے طور پر لیا ہے۔ کہنا یہ مقصود ہے کہ وہی شخص سب سے دانش مند ہے جو سقراط کی طرح اپنی نادانی اور کم علمی کا فہم رکھتا ہو۔399ق م میں سقراط پر فردِجرم عائد کی گئی کہ وہ نوجوانوں کا اخلاق بگاڑتا رہا ہے اور شہر کے دیوتائوں کے بجائے خود ساختہ خدائوں پر ایمان رکھتا ہے۔ 

استغاثہ نے مطالبہ کیا کہ اسے موت کی سزا دی جائے۔ یہ وہ زمانہ تھا جب ایتھنز میں جمہوریت کی بحالی کے بعد عام معافی کا اعلان کیا جا چکا تھا۔ اس لیے مخالفین سقراط پر سیاسی نوعیت کے الزام عائد نہ کرسکے۔ایسا معلوم ہوتا ہے کہ سقراط پر جو الزامات لگائے گئے تھے وہ بالکل پادرہوا نہیں تھے۔ ارستوفانیس نے اپنے ڈراما ’’بدلیاں‘‘ میں سقراط کو ہوا کی پرستش کرتے دکھایا تھا۔ یہ تسلیم کہ ارستوفانیس نے مبالغہ سے کام لیا ہوگا لیکن کوئی بات ہو تبھی بتنگڑ بنتا ہے۔ لوگوں نے یہ فراموش نہیں کیا تھا کہ سقراط کو کسی زمانے میں طبیعی علوم سے شغف تھا اور طبیعی فلسفیوں کو بالعموم دہریہ سمجھا جاتا تھا۔ دو باتوں نے خاص طور پر اسے بہت نقصان پہنچایا۔ ایک تو اس کا سوال جواب کا طریقِ کار جس سے بڑے بڑوں کا پول کھل جاتا تھا۔ لوگوں کو یہ بات نہایت ناگوار گزرتی تھی کہ کوئی شخص کہے تو یہ کہ وہ کچھ بھی نہیں جانتا اور پھر باتوں باتوں میں اْلٹا انھیں کو کْودن ثابت کردے۔

دوسرے سقراط کے شاگردوں اور ہمدردوں کے بارے میں عام خیال یہ تھا کہ انھیں جمہوریت سے کد ہے۔ اس کے بیشتر شاگرد امیرگھرانوں کے چشم و چراغ ہونے کے ناتے اس تصور کو عزیز رکھتے تھے کہ حکومت کرنے کا حق فقط بالائی طبقہ کے چیدہ چیدہ افراد کو ہے۔ عوام کو صرف کان دبا کر کہنا ماننا چاہیے۔ بدقسمتی سے اس کے دو خاص شاگردوں نے بڑی اخلاقی گراوٹ کا ثبوت دیا۔ الکی جاولیس نے پیلوپونے سوسی جنگ کے دوران ایتھنز سے غداری کی۔ ایک اور شاگرد رشید کرائٹس، ان تیس قہرمانوں (Tyrants) میں شامل تھا جنھیں اہلِ سپارٹا نے فتح حاصل کرنے کے بعد ایتھنز پر مسلط کردیا تھا۔ ان قہرمانوں نے شہروالوں پر بڑے ظلم ڈھائے۔

یہ سمجھنے کی معقول وجوہ موجود ہیں کہ سقراط کو خود بھی جمہوریت سے کوئی لگائو نہ تھا اور اس کی تعلیمات نے نوجوانوں کا ایک ایسا گروہ پیدا کردیا تھا جو قانون اور آزادی کو حقارت کی نظر سے دیکھتے تھے۔ مزیدبرأں یہ کہ سقراط جرح و قدح کے زور سے بنیادی اصولوں کے پرخچے تو اڑادیتا لیکن ایسے کوئی اصول پیش نہ کرتا جو ان کی جگہ لے سکیں۔ یہ طریقِ کار عام لوگوں کو قطعی طور پر تخریبی معلوم ہوتا تھا۔ اپنی صفائی میں سقراط نے عدالت کے رْوبرْو جو کچھ کہا وہ سب سے مربوط شکل میں افلاطون کی زبانی ہم تک پہنچا ہے۔ اس ’’اعتذار‘‘ میں افلاطون نے اپنی طرف سے کچھ بڑھا یا گھٹا دیا ہو تو عجب نہیں۔ سقراط نے عائدکردہ الزامات کی پْرزور تردید کی اور کہا کہ اگر استغاثہ کا دعویٰ ہے کہ اس نے نوجوانوں کے اخلاق کو بگاڑا ہے تو عدالت میں موجود اس کے سابق شاگردوں یا ان شاگردوں کے باپوں اور بھائیوں کو استغاثہ کی طرف سے گواہی دینے کے لیے طلب کیوں نہیں کیا گیا؟ اس کا جواب کسی کے پاس نہ تھا۔

 سقراط نے یہ بھی کہا کہ ’’ایتھنز کے لوگو!، میں تمھارا احترام اور تم سے محبت کرتا ہوں لیکن فرماں برداری میں خدا ہی کی کروں گا، تمھاری نہیں۔‘‘خود سقراط نے تو کچھ نہیں لکھا چناں چہ اہم سوال یہ ہے کہ جن معاصرین نے اس کی شخصیت یا افکار کے حوالے سے اظہارِخیال کیا ہے ان پر کس حد تک تکیہ کرنا جائز ہے؟ اس ضمن میں پہلا نام افلاطون کا ہے جسے سقراط کا شاگرد ِرشید ہونے کا شرف حاصل ہے۔ اس کا خاصا امکان ہے کہ ابتدائی افلاطونی مکالمے اچھی بھلی تاریخی سچائی کے حامل ہیں۔بہرحال، یہ یاد رکھنا چاہیے کہ افلاطون نے بھی سقراط کی وفات کے کئی سال بعد لکھنا شروع کیا تھا۔ البتہ اس امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا کہ وہ تلمذ کے دوران اہم نکات جستہ جستہ قلم بند کرتا رہا ہو۔ لیکن ہم یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ ’’مکالمات‘‘ میں سقراط کہاں پر ختم اور افلاطون کہاں سے شروع ہوتا ہے۔ دعویٰ تو کسینوفون کو بھی یہی ہے کہ وہ سقراط کے بہت قریب تھا لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔ بعض اہم شواہد کی روشنی میں ایسا معلوم ہوتا ہے کہ کسینوفون کا ’’منادمہ‘‘ افلاطون کے ’’منادمہ‘‘ کے بعد قلم بند کیا گیا تھا اور افلاطونی تصنیف کا سطحی سا چربہ ہے۔کسینوفون نے اپنی تحریروں میں یہ ثابت کرنا چاہا ہے کہ سقراط روایتی مذہبی عقائد اور رسوم پر کاربند تھا، خود بھی روایتی انداز میں نیک آدمی تھا اور دوسروں کو بھی نیکی کی تلقین کرتا تھا۔ فضول دانشورانہ تجسس کے خلاف تھا۔ مختصر یہ کہ کسینوفون نے سقراط کو ایسا شریف اور معقول آدمی بنا کر پیش کیا ہے جس کے ہر قول و فعل سے بورڑوائی کورذوقی کی بْو آتی ہو۔ 

اگر سقراط ایسا ہوتا تو اس پر مقدمہ ہی کیوں چلایا جاتا! اس خیالی سقراط کی ذہنی سطح اور دل چسپیاں بعینہ وہی ہیں جو خود کسینوفون کی ہیں۔ارسطو نے بھی سقراط کا ذکر کیا ہے، لیکن وہ پیدا ہی سقراط کی وفات کے بعد ہوا تھا اور اسے وہی کچھ معلوم ہوگا جو اس کے استاد افلاطون نے بتایا یا اِدھر اْدھر سے سننے میں آیا۔ ارستوفانیس نے بھی اپنے ڈراما ’’بدلیاں‘‘ میں سقراط کا خاکہ اْڑایا تھا۔اس نے سقراط کو اس طرح پیش کیا تھا جیسے وہ خیالی دنیا میں رہنے والا، خطابت پردازی بگھارنے والا، اخلاق سے بیگانہ، ٹھیٹ سو فسطائی ہو۔ دراصل ارستو فانیس نے نئے انداز کی تعلیم کے خلاف محاذ قائم کر رکھا تھا اور سمجھتا تھا کہ سو فسطائی شرفا کی اولاد کو خراب کر رہے ہیں۔ یہ تاثر عوام الناس کے ذہن سے کبھی زائل نہ ہوسکا۔

 سقراط ہمیشہ یہ کہتا تھا کہ خود اسے کچھ بھی معلوم نہیں اور اگر وہ دوسروں سے زیادہ عقلمند ہے تو صرف اس اعتبار سے کہ اسے اپنے جہل کا شعور ہے اور دوسرے اپنی لاعلمی سے بے خبر ہیں۔ سقراطی طریقِ کار کا بنیادی نکتہ ہم کلام کو اس بات کا قائل کرنا تھا کہ درحقیقت اسے کچھ بھی معلوم نہیں۔جہل کا اعتراف علم کے حصول کی طرف ایک ناگزیر پہلا قدم تھا کیوں کہ وہ شخص علم حاصل کرنے پر آمادہ ہی کیوں ہوگا جو اس وہم میں مبتلا ہو کہ وہ بہت کچھ جانتا ہے۔ سقراط لوگوں سے بات چیت کرکے انھیں یہ سمجھانا چاہتا تھا کہ وہ محض جاہل بلکہ اجہل ہیں۔ اس لیے تعجب ہی کیا جو وہ نامقبول تھا۔ ایتھنز والے غلطی سے اسے سوفسطائیوں کی قبیل کا آدمی سمجھ بیٹھے،لیکن جب سقراط نے لوگوں سے پوچھ گچھ کی تو ان میں سے کوئی بھی ان صفات کی جامع تعریف نہ کرسکا۔ اب اگر کسی شخص کو عقل مندی یا انصاف یا نیکی کا مطلب ہی معلوم نہ ہو تو وہ کس منہ سے کہے گا کہ عقل مندی یا انصاف سے کام لینا چاہیے یا نیکی کرنی چاہیے۔ اگر یہ فرض کرلیا جائے کہ مختلف آدمی ایک ہی لفظ سے مختلف معنی مراد لیتے ہیں تو پھر وہ ایک دوسرے کا مفہوم خاک سمجھیں گے۔ اس طرح تو ذہنی اور اخلاقی افراتفری پھیل جائے گی۔ سقراط کے ذہن میں یہ مسئلہ بالکل صاف تھا۔ وہ کہتا تھا کہ ملکہ یا مہارت ہی اصل علم ہے یعنی جو کام کرنا ہو اس کی تمام اْونچ نیچ کا پہلے پتا ہونا چاہیے۔ 

سقراط کو پورا یقین تھا کہ اگر یہ نکتہ انسانوں کے پلّے پڑ جائے تو وہ خودبخود صحیح راستہ چْن لیں گے۔ بقول سقراط، خیر کو سمجھنا خیر کو اپنا لینے کے مترادف ہے۔علم ہی تقویٰ ہے بالکل جیسے اس کا الٹ یعنی بے علمی شر ہے۔ ہر انسان فطری طور پر اپنی بھلائی کا خواہاں ہوتا ہے۔ غلط کام اپنے پائوں پر آپ کلہاڑی مارنے کے مانند ہے۔ پس ثابت ہوا کہ انسان غلط کام صرف بے علمی کی وجہ سے کرتا ہے۔   ٭

ماہر القادری

 

Post a Comment

0 Comments