All About Pakistan

6/recent/ticker-posts

بیرون ممالک سے ڈی پورٹ ہونے والے پاکستانی....


دنیا کے 47ممالک سے چار سال میں ایک لاکھ 66 ہزار 420پاکستانی شہریوں کو غیرقانونی طور پر مقیم یا سفری دستاویزات نہ ہونے پر نکالا گیا۔ زیادہ پاکستانی عرب ریاستوں سے واپس بھیجے گئے۔ سعودی عرب سب سے پہلے نمبر پر ہے جہاں سے 83606، دوسرے نمبر پر متحدہ عرب امارات سے 29960 جب کہ تیسرے نمبر پر عمان سے 22772پاکستانیوں کو سفری دستاویزات نہ ہو نے یا غیرقانونی قرار دیکر واپس بھجوایا گیا۔

وزارت خارجہ کی ایک رپورٹ کے مطابق جنوری 2010ء سے ابتک 47ممالک سے ایک لاکھ 66 ہزار 420افراد کو غیرقانونی طور پر مقیم ہونے یا سفری دستاویزات نہ ہونے پر نکالا گیا۔ اتنی بڑی تعداد میں غیر ممالک سے پاکستانیوں کو نکالا جانا‘ ارباب اختیار کے لیے لمحہ فکریہ ہونا چاہیے۔ اس سے یہ حقیقت سامنے آئی ہے کہ پاکستان میں ایسے گروہ کام کر رہے ہیں جو لوگوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھجوا رہے ہیں‘ یہ لوگ جب دوسرے ملکوں میں پہنچتے ہیں تو ان کے پاس قانونی سفری دستاویزات نہیں ہوتیں یا وہ جعلی ہوتی ہیں۔ ایسے لوگ گرفتار ہو جاتے ہیں اور متعلقہ حکام انھیں ڈی پورٹ کر دیتے ہیں۔
کچھ لوگ ویزہ مدت ختم ہونے پر بھی بیرون ملک مقیم رہتے ہیں‘ یہ لوگ بھی ڈی پورٹ ہو جاتے ہیں‘ اس معاملے کا دوسرا پہلو یہ ہے کہ پاکستان میں غربت وافلاس بڑھ رہی ہے‘ لاقانونیت اور دہشت گردی نے معیشت تباہ کر دی ہے‘ حالات سے تنگ آئے ہوئے افراد بیرون ملک بھاگ رہے ہیں۔ اتنی بڑی تعداد میں پاکستانیوں کو بیرونی ممالک سے نکالا جانا‘ باعث و شرمندگی اور ندامت ہے۔ اب دنیا میں پاکستان ایسے ملک کے طور پر جانا جاتا ہے‘ جہاں کے باشندے غربت اور بدامنی سے تنگ آ کر غیر قانونی ذرایع سے بیرون ملک جا رہے ہیں۔

Post a Comment

0 Comments