All About Pakistan

6/recent/ticker-posts

ترکی کا پاکستان سے غیر مشروط تعاون جاری رہے گا، اردوگان

ترکی کے صدر رجب طیب اردوگان نے پاکستان سے غیر مشروط تعاون کو برقرار رکھنے کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پاکستان کو سیاسی، اقتصادی اور دفاعی طورپر مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں۔ اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق استنبول میں ترک صدر طیب اردوگان اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے درمیان ملاقات ہوئی، ترک صدر نے ملاقات پر خوشی کا اظہار کیا۔ اردوگان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کو سیاسی، اقتصادی اور دفاعی طورپر مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں اور ترکی پاکستان کے ساتھ غیرمشروط تعاون جاری رکھے گا۔ انھوں نے پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ مشکل ہو یا آسانی ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ترک صدر نے شہباز شریف سے بات چیت کے دوران کہا کہ پنجاب میں ترکی کے تعاون پر مبنی منصوبے پاک-ترک دوستی کی زندہ علامت ہیں اورآپ کی قیادت میں پنجاب کی تعمیر و ترقی کا سفر لائق تحسین ہے۔ انھوں نے کہا کہ توانائی کی فراہمی اوردہشت گردی کے سدباب کے لیے حکومت پاکستان کی کاوشیں قابل قدر ہیں۔ اردوگان نے اس موقع پر سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی صحت کے بارے میں دریافت کیا جو کینسر کے عارضے میں لندن میں زیر علاج ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے ترک صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام کو ترکی کے ساتھ دوستی پر فخر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حالیہ برسوں میں دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں ٹھوس تعاون نے دوستی کو نئی جہتوں سے آشنا کیا ہے اور آنے والا وقت پاک-ترک دوستی کے عروج کا ہو گا۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکی نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور دونوں ملک آئندہ بھی ہر قسم کے حالات میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب میں ترکی کے تعاون سے بننے والے منصوبوں نے عام آدمی کی زندگی بہتر بنانے میں مدد دی ہے اور ترکی کی قیادت نے اپنے عمل سے عوامی خدمت کی منفرد مثال قائم کی ہے۔


 

Post a Comment

0 Comments