All About Pakistan

6/recent/ticker-posts

مانگا منڈی

ضلع لاہور کا قصبہ، لاہور ملتان مین روڈ پر لاہور سے ۱۹ میل کے فاصلے پر واقع ہے۔ قریبی ریلوے اسٹیشن رائے ونڈ ہے، جو یہاں سے ۸ میل کے فاصلے پر ہے۔ رائے ونڈ سے پُختہ سڑک بھی یہاں آکر ملتی ہے۔ یہ مانگا سنگھ کے نام پر مانگا منڈی کہلاتا ہے۔ قریب ہی نہر اپر باری دو آب کی شاخ نیاز بیگ بہتی ہے۔ یہاں لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے علیحدہ علیحدہ ہائی سکول، ڈاک خانہ، تھانہ، ٹیلیفون ایکسچینج ہیں۔ یہاں ایک معروف اقامتی تعلیمی ادارہ علیگڑھ پبلک سکول کے نام سے بھی قائم ہے ۔ اس سکول سے متصل پنجاب کے محکمہ ماہی پروری کا فِش سیڈ نرسری یونٹ بھی ہے۔ اس یونٹ کے اندر سکھوں کی وہ اہم یادگار واقع ہے، جو گوردوارہ چھوٹا نانکیانہ کے نام سے موسوم ہے۔

سکھ روایات کے مطابق سکھ مذہب کے بانی بابا گورونانک نے اپنے ایک سفر کے دوران کچھ وقت یہاں پر قیام کیا تھا۔ بعد میں سکھوں کے چھٹے گرو، گرو گو بند صاحب نے بھی اس مقام کو گورونانک کے ساتھ مُسلمہ نسبت کی وجہ سے یہاں قیام کیا۔ اس مقام پر بعدازاں سکھوں نے گوردوارہ قائم کیا، جو اب خستہ حالت میں ہے۔ قیا مِ پاکستان کے بعد مقامی لوگوں نے اس کی چھتیں اُکھاڑ کر اس کے دروازے، کھڑکیاں اور روشندان نکال لیے۔ ۱۹۴۷ء میں اسے نذر آتش بھی کیا گیا۔ اس کی اب صرف دیواریں ہی رہ گئی ہیں۔ اس گوردوارے کے ساتھ ہی ایک وسیع و عریض تالاب ہے، جو بہت حد تک اصل صورت میں قائم ہے۔ اسکول کے احاطے میں ایک بائولی بھی ہوا کرتی تھی، جس کے آثار اب بھی موجود ہیں۔ یہ بائولی بھی بابا گورونانک کے واقعہ کی یادگار کے طور پر بنوائی گئی تھی۔ مانگا سے چار پانچ کلومیٹر دور موضع بھیلے میں بھی ایک گوردوارہ کے آثار موجود ہیں۔

(کتاب ’’نگر نگر پنجاب:شہروں اور قصبات کا جغرافیائی، تاریخی، ثقافتی اور ادبی انسائیکلوپیڈیا‘‘ سے مقتبس)   

Post a Comment

0 Comments