All About Pakistan

6/recent/ticker-posts

راول جھیل : مارگلہ کی پہاڑیوں کے وسط میں واقع خوبصورت مقام

راول جھیل اسلام آباد میں مارگلہ کی پہاڑیوں کے وسط میں واقع خوبصورت تفریحی مقام ہے۔ خاص طور پر غروب آفتاب کا منظر دیکھنے کے لیے ہر روز بیشمار لوگ یہاں جمع ہوتے ہیں۔ راول جھیل سردیوں میں مہاجر پرندوں کے لیے پرکشش جگہ ہے۔ راول جھیل پر ڈیم بھی بنایا گیا ہے، جہاں سے راولپنڈی اور اسلام آباد کو پانی مہیا کیا جاتا ہے۔ پاکستان میں بیشمار تفریحی مقامات ہیں جو تازگی کا احساس دلاتے ہیں اور انسان ان کی خوبصورتی سے متاثر ہو کر تمام تر تھکاوٹ اور پریشانیاں بھولنے پر مجبور ہو جاتا ہے۔ ایک ایسا ہی تفریحی مقام راول جھیل ہے۔ یہ ایک بڑی مصنوعی جھیل ہے ، جو اسلام آباد کے قریب مارگلہ کی پہاڑیوں میں واقع ہے۔ راول جھیل 8.8 مربع کلومیٹر کے علاقے پر محیط ہے۔ جھیل کے ساتھ ایک خوبصورت پارک بنایا گیا ہے، جس میں خوبصورت پھولدار پودے اور درخت لگائے گئے ہیں، جو نہایت خوبصورت منظر پیش کرتے ہیں۔
باغ کو سیر و تفریح کے لیے بہترین جگہ تصور کیا جاتا ہے، جہاں پر ہر روز ہزاروں لوگ سیر و تفریح کے لیے آتے ہیں۔ یہاں پر بہت سے لوگ مچھلیوں کا شکار اور کشتی رانی بھی کرتے ہیں۔ باغ میں بنائے گئے چبوترے نما حصے سے روال جھیل کا خوبصورت نظارہ کیا جا سکتا ہے۔ جھیل کے مغرب میں اسلام آباد کلب بنایا گیا ہے جو کھیلوں کی مختلف سہولیات فراہم کرتا ہے۔ راول جھیل پر ایک ڈیم بھی بنایا گیا ہے جہاں سے راولپنڈی اور اسلام آبادکو پانی فراہم کیا جاتا ہے۔ راول جھیل کے پانی کو آبپاشی کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ اس ڈیم کی بلندی 133.5 فٹ ہے اور پانی جمع کرنے کی آخری حد 47 ہزار 500 ایکڑ فٹ ہے۔ ڈیم سے دو کم لمبائی والی نہریں بھی نکالی گئی ہیں۔

پانی کا یہ ذخیرہ موسم سرما میں مہاجر پرندوں کے لیے بہترین جگہ ہے۔ اس کے علاوہ مقامی جانوروں میں لومڑی، سیہ، جنگلی بلی، گیڈر اور ابابیل قابل ذکر ہیں جو اردگرد کے علاقوں میں پائے جاتے ہیں۔ راول ڈیم سے قریباً پانچ سو ایکڑ زرعی اراضی سیراب کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ جھیل سے راولپنڈی کو یومیہ 19.5 ملین گیلن اور اسلام آباد کو 2.5 ملین گیلن پینے کا صاف پانی فراہم کیا جاتا ہے۔ راول جھیل کے مقام پر غروب آفتاب کا منظر بہت دلکش ہوتا ہے، جس کو دیکھنے کے لیے بہت سے لوگ یہاں آتے ہیں۔ سیاحوں کی سہولت کے لیے پاکستان ٹورزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کی طرف سے ایک ریسٹورنٹ بھی بنایا گیا ہے۔ حال ہی میں کیپٹل اتھارٹی کی طرف سے جھیل کے قریب ہی تعمیراتی کام کا آغاز کیا گیا ہے جس میں ایک سیرگاہ بنائی جائے گی، جس میں اوپن ایئرہال، کشتی رانی کے لیے مخصوص جگہ اور ہرے بھرے گھاس کے میدان بنائے جائیں گے۔ ان ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے یہ جگہ مزید خوبصورت اور پرلطف ہو جائے گی۔ 

ابصار قدیر

Post a Comment

0 Comments