All About Pakistan

6/recent/ticker-posts

سچے کھرے لوگوں کی 7 نشانیاں

سچے اور کھرے، جن کے اندر کوئی بناوٹ اور تصنع نہ ہو، ایسے افراد کی تلاش ایک بڑا مشکل کام ہے اور آج کے زمانے میں تو چراغ چھوڑئیے، سرچ لائٹ لے کر نکلنے سے بھی ایسے لوگ بمشکل ملیں گے، لیکن کیا آپ ایسے لوگوں کی پہچان جانتے ہیں؟ ہوسکتا ہے کہ وہ دفتر میں آپ کے برابر میں بیٹھا ہوا شخص ہی ہو؟ آپ کو ایسے افراد کی کچھ علامتیں بتاتے ہیں، امید ہے آپ کو ڈھونڈنے میں آسانی ہوگی۔ 

1-ایسے لوگ جیسے ہوتے ہیں، ویسے ہی نظر آتے ہیں۔ یہ ایسا کرنے یا بننے کی کوشش نہیں کرتے کہ جس کی وجہ سے لوگوں کی نظروں میں پسندیدہ بن جائیں۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ لوگوں کی پروا نہیں کرتے بلکہ وہ ایسے فیصلے کرنے میں بھی نہیں چوکتے جو ہر دل عزیز نہ ہوں۔ وجہ سادہ سی ہے، سچے اور کھرے لوگوں کو دوسروں کی توجہ کی ضرورت نہیں ہوتی، وہ شو بازی نہیں کرتے۔ 

2- دوسری نشانی یہ ہے کہ وہ دوسروں کے لیے فتوے جاری نہیں کرتے۔ یہ کھلے ذہن کے ہوتے ہیں، جس کی وجہ سے لوگ ان تک رسائی بھی حاصل کرتے ہیں اور دلچسپی بھی دکھاتے ہیں۔ ایسے شخص سے بھلا کون بات کرنا چاہے گا، جو پہلے ہی اپنی رائے بنا چکا ہے اور کسی کی سننے کو تیار نہیں۔ 


3- سچے ، کھرے اور حقیقی افراد اپنا راستہ خود متعین کرتے ہیں۔ یہ اپنے اطمینان اور خوشی کے احساس کو دوسروں کی رائے پر نہیں بناتے۔ وہ جانتے ہیں کہ وہ کون ہیں اور یوں وہ کچھ اور بننے کی اداکاری نہیں کرتے۔ کس سمت میں جانا ہے ،اس کا تعین ان کے اندر سے ہوتا ہے، اپنے اصولوں اور اپنی اقدار سے۔ 

4- حقیقی افراد کی ایک اور پہچان یہ ہوتی ہے کہ وہ سخی ہوتے ہیں۔ چاہے معاملہ آپ کو کچھ سکھانے کا ہو، کام کے گر اور راز بتانے کا ہو یا پھر مالی پریشانی میں مدد کا۔ وہ اپنے علم اور مال کو کبھی خود تک محدود نہیں رکھتے۔ ساتھ ہی وہ سب کی عزت کرتے ہیں۔ وہ کبھی خواہ مخواہ اور زبردستی کے عزت دار بننے کی کوشش نہیں کرتے بلکہ سب کو یکساں احترام کی نظر سے دیکھتے ہیں۔ چاہے وہ ان کے منیجر ہوں یا جس ہوٹل میں دوپہر کا کھانا کھاتے ہیں، وہاں کا بیرا۔ 

5- کھرے لوگوں کی ایک پہچان یہ ہے کہ وہ مادہ پرست نہیں ہوتے اور خوشی کے لیے کسی چمکتی دمکتی نئی چیز کے محتاج نہیں ہوتے۔ آپ کو آجکل ایسے لوگ نظر آتے ہوں گے، جو زبردست اور جدید ترین چیزیں خرید کر سٹیٹس بنانے اور عزت حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ سب کچھ کرنے کے بعد بھی خوش اور مطمئن نہیں ہو پاتے۔ خوشی دراصل اندر سے پیدا ہونے والا ایک احساس ہے، اسے باہر سے حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ 

6- قابل اعتماد ہونا بھی سچے اور کھرے لوگوں کی ایک بڑی نشانی ہے۔ لوگ ان کی طرف کھنچے چلے آتے ہیں، انہیں اپنا ہم راز بناتے ہیں، اپنی مشکلات سامنے رکھتے ہیں کیونکہ وہ ان پر بھروسہ کرتے ہیں کیونکہ ایسے لوگ جو کہتے ہیں وہ کرتے ہیں۔ اگر وہ وعدہ کرتے ہیں، تو اسے پورا کرتے ہیں۔ 

7- ایسے لوگوں کی آخری اہم ترین علامت یہ ہے کہ یہ انا پرست ہرگز نہیں ہوتے۔ انہیں اپنے اندر کے خوشی کے احساس کو بڑھانے کے لیے بیرونی تعریفوں کی ضرورت نہیں ہوتی۔ نہ ہی انہیں شہرت کی طلب ہوتی ہے اور نہ ہی یہ دوسرے لوگوں کی کامیابی کا سہرا اپنے سر پر باندھتے ہیں۔ یہ منافق نہیں ہوتے، وہ جوکہتے ہیں وہ کرتے ہیں۔ ایسا نہیں کہ وہ آپ کے سامنے کچھ اور کہتے ہوں، لیکن پس پردہ کچھ اور ہوں۔   

Post a Comment

0 Comments