All About Pakistan

6/recent/ticker-posts

امریکہ میں پولیس مخالف مظاہروں میں شدت، متعدد گرفتار

امریکی ریاستوں مینیسوٹا اور لوزیانا میں پولیس کے ہاتھوں دو سیاہ فام باشندوں کی ہلاکتوں کے خلاف جاری احتجاج ملک کے دیگر علاقوں تک پھیلتا جا رہا ہے۔
مینیسوٹا میں مظاہرین نے سڑکیں بلاک کرنے ساتھ پولیس پر پتھراؤ بھی کیا ہے جبکہ دوسری جانب ریاست لوزیانا کے دارالحکومت بیٹن روگ میں سیاہ فام شہریوں کی بلیک پینتھر نامی پارٹی کے مسلح افراد اور پولیس کا آمنا سامنا ہوا ہے۔ ملک میں جاری ان احتجاجی مظاہروں کے دوران پولیس نے سینکڑوں افراد کو حراست میں بھی لیا ہے تاہم احکام کا کہنا ہے کہ بیشتر مظاہرے پرامن رہے ہیں۔ مینیسوٹا کے علاقے سینٹ پال میں رات بھر مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں جاری رہیں جس کے باعث شہر کی مرکزی شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت بری طرح متاثر ہوئی۔

سینٹ پال میں مظاہرین کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کے علاوہ آتش گیر مواد اور بوتلیں بھی پھینکی گئیں۔ لوزیانا کے دارالحکومت بیٹن روگ میں گذشتہ پانچ روز سے جاری احتجاج میں شدت آتی جا رہی ہے اور احتاج کے دوران مظاہرین نے کئی موقعوں پر پولیس ہیڈکوارٹر کے قریب واقع مرکزی شاہراہ بلاک کر کے ٹریفک کی آمدورفت کو بھی متاثر کیا۔ ادھر امریکی ریاست ٹیکسس کے شہر ڈیلس میں مظاہرے کے دوران ایک سیاہ فام شہری کی فائرنگ سے پانچ پولیس افسران کی ہلاکت کے بعد سے شہر میں صورتحال اب بھی کشیدہ ہے۔ 
ڈیلس پولیس نے ایک نامعلوم دھمکی آمیز کال موصول ہونے کے بعد اپنے ہیڈکوارٹر کی سکیورٹی کو مزید سخت کر دیا ہے۔ خیال رہے کہ حکام کے مطابق پولیس کے ہاتھوں دو سیاہ فام افراد کی ہلاکت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کے دوران ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں پانچ پولیس اہلکار ہلاک اور چھ اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس اہلکاروں پر حملے میں ملوث تین مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ پولیس اہلکاروں کو قتل کرنے والے مبینہ حملہ آور جانسن کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔

سنیچر کو اپنے بیان میں پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ محکمۂ پولیس کو ایک نامعلوم کال موصول ہوئی جس میں پورے شہر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کے خلاف کارروائی کی دھمکی دی گئی تھی۔ جس کے بعد سکیورٹی بڑھائی گئی ہے۔ یاد رہے کہ بدھ کے روز امریکی ریاست مینیسوٹا میں سیاہ فام شخص فیلینڈو کاسٹل کو اُس وقت گولی مار کر ہلاک کیا گیا جب وہ گاڑی سے اپنا ڈرائیونگ لائسنس نکال رہے تھے جبکہ اس واقعے سے ایک روز قبل ایلٹن سٹرلنگ نامی ایک اور سیاہ فام شخص کو ریاست لوزيانا میں پولیس نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

Post a Comment

0 Comments