All About Pakistan

6/recent/ticker-posts

مدارس کی اصلاح۔۔۔ چند تجاویز.....

ایک عرصے سے مذہبی مدارس کی اصلاح پر زور دیا جا رہا ہے۔ سالہا سال سے اس موضوع پر تجاویز کے پلندے اکٹھے کئے جا رہے ہیں لیکن یہ ’’وبا‘‘ ہے کہ طول پکڑتی جا رہی ہے۔

جس طرح کسی ہجوم میں یہ پہچاننا ناممکن ہوتا ہے کہ مجرم چہرہ کون سا ہے اور معصوم کون سا، اسی طرح مدارس کے ہجوم میں ایسے مدرسے کو سنگل آؤٹ نہیں کیا جا سکتا کہ فلاں مدرسہ واقعی ایک مذہبی تدریس گاہ ہے اور فلاں معاشرے کا وہ ناسور ہے جس کی بیخ کنی کے لئے آج پاکستان کی سویلین حکومت کو فوجی عدالتیں قائم کرنا پڑی ہیں۔

اس تناظر میں فی الوقت میرے ذہن میں چھ ایسی تجاویز آ رہی ہیں جن کو اپنے قارئین کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں۔ وزارتِ مذہبی امور اور وزارتِ داخلہ کے کار پردازوں سے بھی میری درخواست ہے کہ ان پر سنجیدگی سے غور کیا جائے، ممکن ہے ان پر سو فیصد عمل درآمد نہ کیا جا سکے لیکن اربابِ اختیار اگر ان کو آج صرف رجسٹر ہی کر لیں تو آنے والے ایام میں شائد ان کی صدائے باز گشت، کسی کام آ سکے۔

اول: ’’تاریخِ مدارسِ پاکستان‘‘ کے نام سے ایک ایسی تاریخ شائع کی جائے جس میں1947ء سے لے کر آج تک مُلک کے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت، بلتستان میں قائم ہونے والے مدارس کی تمام تفصیل موجود ہو۔۔۔۔ یہ ایک بڑا کام ہے، حساس نوعیت کا ہے اور حساس تر توجہ بھی مانگتا ہے۔

میرے خیال میں اگر ہو سکے تو ایک صدارتی فرمان کے ذریعے کسی بھی ایسی نئی مسجد کی تعمیر غیر قانونی قرار دی جائے جس میں طلبا و طالبات کے لئے اقامتی اور تدریسی سہولیات موجود ہوں یا ان کا آئندہ امکان ہو اور جس کی منظوری قبل ازیں حکومت سے نہ لی گئی ہو۔ مَیں سمجھتا ہوں اگر ٹیلی فون ڈائریکٹری اپنی فربہ اندام ضخامت کے ساتھ ہر سال شائع کی جا سکتی ہے تو ’’تاریخِ مدارسِ پاکستان‘‘ تحریر کرنا کچھ ایسا ناممکن نہیں ہو گا۔ مزید سہولت کر کے صوبائی سطح پر شائع کرنے کا بھی سوچا جا سکتا ہے۔ اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ اس تصنیف میں صرف ایسی مساجد کا اندراج کیا جائے، جن کے ساتھ کوئی مدرسہ ملحق ہو۔ ’’خالص‘‘ مساجد کی تاریخ بھی اگر شائع کرنی مقصود ہو تو اس کے لئے ایک علیحدہ کاوش کی جا سکتی ہے۔

دوم: مدارس میں زیر تعلیم طلباء کے والدین کا مکمل ریکارڈ موجود ہونا چاہئے۔ اس ریکارڈ میں والدین کے شناختی کارڈ کی کاپیاں موجود ہوں جو نادرا سے باقاعدہ تصدیق شدہ ہوں۔ متعلقہ وزارت/محکمے کے ارکان گاہے بگاہے ان شناختی کارڈوں کی مزید تفتیش و توثیق موقع پر جا کر کر سکتے ہیں۔ جو طلبا کسی مدرسے سے فارغ التحصیل ہو جائیں ان کا ریکارڈ بھی موجود ہونا چاہئے۔یہ سراغ بھی لگانا چاہئے کہ یہ فارغ التحصیل طلباء سوسائٹی کی مین سٹریم میں اب کیا رول ادا کر رہے ہیں اور اس رول کی قومی اہمیت و افادیت کیا ہے۔

سوم: سب سے اہم نکتہ ان مدارس کو فنڈز کی فراہمی کا ہے۔ حکومت اس سلسلے میں جو تگ و دو کر رہی ہے، وہ لائق تحسین ہے، لیکن جو پریکٹس عشروں سے جاری ہو اور جسے مذہب کا چھاتہ بھی میسر ہو، اس کو ایک قلیل مدت میں ختم نہیں کیا جا سکتا۔ آج اگر کسی دریا کا منبع بالکل بند کر دیا جائے تو دریا کو خشک ہوتے ہوتے ایک قابلِ لحاظ عرصہ درکار ہو گا۔

جو غیر ملکی حکومتیں یا مخیر تنظیمیں پاکستان میں کسی مدرسے کی مالی معاونت فرما رہی ہوں ان کا پورا ریکارڈ منظر عام پر لایا جائے۔ میڈیا کو اس کام کے لئے آگے بڑھنا چاہئے۔ ٹاک شوز کا ایک ایسا سلسلہ شروع کرنا چاہئے جس میں ان ’’مالی معاونتوں‘‘ کی پوری تاریخ (اور جغرافیہ) واشگاف بلکہ برہنہ کیا جائے تاکہ پاکستانی عوام کو معلوم ہو کہ دوست کے پردے میں دشمن کون ہے اور دشمن کے ترکش میں کس کس دوست مُلک کے تیر ہیں۔

پاکستان کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے حال ہی میں برطانیہ کا جو دورہ کیا ہے اور وہاں جا کر برطانوی ارباب ِ حکومت کو جو آئنہ دکھایا ہے اس کی خبریں میڈیا پر آ رہی ہیں۔ ان کا یہ دورہ ایک غیر روائتی اقدام تھا اور دورے کا ایجنڈا اس سے بھی غیر روائتی تھا۔ کسی جمہوری مُلک میں کسی آرمی چیف کو اتنے پریشر کا سامنا نہیں ہوا جتنا جنرل راحیل کو ہوا ہے۔ سیاسی حکومت کو اپنے آرمی چیف کے اس اقدم سے سبق اندوز ہونا چاہئے۔

میرے خیال میں جنرل راحیل شریف کا اگلا اقدام یہ ہونا چاہئے کہ وہ اِسی قسم کا ایک دورہ اُن مسلم ممالک کا بھی کریں کہ جن کے تومان، ریال اور درہم و دینار، پاکستانی مساجد و مدارس کی سالانہ آبیاری کر رہے ہیں۔ آئی ایس آئی کے پاس ایسے ثبوت موجود ہوں گے جن میں ان ’’برادر اسلامی ملکوں‘‘ نے پاکستان کے مدارس کی مالی معاونت کر کے ایک مذہبی پراکسی وار کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ یہ برادر اسلامی ممالک، پاکستان کے اصل مارِ آستیں ہیں۔ پاکستان کو خواہ ’’گھاس‘‘ بھی کھانی پڑے، آستین کے اِن سانپوں کا سر کچلنا پہلی ترجیحی ہونی چاہئے۔ جنرل راحیل کو ان عرب اور ایرانی ’’بھائیوں‘‘ سے مل کر انہیں وہی کچھ کہنا چاہئے جو ’’برادر ڈیوڈ کیمرون‘‘ کو کہا گیا ہے!

چہارم: تمام مدارس کے اثاثوں کی چھان بین کی جائے کہ وہ کہاں سے ’’ہاتھ‘‘ آئے۔ ان سب کو فروخت کر کے اوقاف فنڈ میں منتقل کر دیا جائے۔ اگر کسی بریلوی مزار کو اوقاف کے ماتحت لایا جا سکتا ہے تو کسی وہابی مدرسے یا شیعہ امام بار گاہ کو کیوں نہیں؟

پنجم: ہمارے وزیر داخلہ نے اگلے روز اسلام آباد میں اس موضوع پر ’’متعلقہ بزرگوں‘‘ سے طول طویل گفتگو کی ہے، جس کی تفصیل میڈیا پر آ چکی ہے۔ اس تفصیل کے مطابق مُلک میں10فیصد مدارس ایسے ہیں جن پر شبہ ہے کہ وہ دہشت گردوں کے معاونت کار رہے ہیں (اور اب بھی ہیں) ان مدارس کے خلاف جو کارروائی حکومت کرے گی، اس میں اس نئی شق کا اضافہ بھی ہونا چاہئے کہ اس کی انتظامیہ کو سیک (Sack) کر کے ایک نئی انتظامیہ تشکیل دی جائے۔ اور اگر ایسا کرنا فی الحال ممکن نہ ہو تو وہ موضوعات جو ان مدارس میں پڑھائے جاتے ہیں، ان کا تدریسی عملہ فی الفور سبکدوش کر دیا جائے۔ اور اس کی جگہ نئی بھرتی کی جائے۔

ہمیں معلوم ہے کہ1971ء کی پاک بھارت جنگ میں مشرقی پاکستان کے سکولوں اور کالجوں میں غیر مسلم اساتذہ نے جو رول ادا کیا تھا، وہ مشرقی پاکستان کو بنگلہ دیش بنانے کی تحریک میں کتنا پیش پیش تھا۔ کسی بھی تحریک کی نظریاتی پرورش کے لئے ایسے اساتذہ کا رول بنیادی اہمیت کا حامل ہوتا ہے جو اپنے مشن کے ساتھ اندھا دھند حد تک مخلص ہوں اور خود ان کی اپنی نظریاتی پرورش بھی ایک مخصوص اندھا دھند سانچے میں ڈھلی اور ایک مخصوص ماحول میں پروان چڑھی ہو۔ مشتبہ مدارس کے یہ اساتذہ ان مدارس کی گویا ’’مشتبہ کور کمیٹیاں‘‘ ہیں ، ان کو جتنی جلد ہو سکے Replace کیا جانا ضروری ہے۔

ششم: جن10فیصد مشتبہ مدارس کا ذکر چودھری نثار علی خان نے کیا ہے، ان کی اکثریت میں ذریعہ تعلیم و تدریس پشتو ہے۔ پشتو زبان ویسے بھی پاکستان کی دوسری بڑی زبان ہے۔ مقامِ افسوس ہے کہ معاشرے پر زبان کی تاثیر اور اس کے اثرات پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ مشرقی پاکستان 25سال تک ہمارے ساتھ رہا۔ بنگالیوں کے ساتھ میل ملاقاتوں کی ایک طویل تاریخ ہے۔ مشرقی پاکستان کو بنگلہ دیش بنانے میں غیر مسلم اساتذہ کا اوپر جو ذکر کیا گیا، اس کے ساتھ مغربی پاکستان میں بنگالی زبان کی عدم تفہیم بھی مشرقی بازو کی علیحدگی کا سبب بنی۔ زبان کی اس اجنبیت نے بنگال رجمنٹ اور ایسٹ پاکستان رائفلز کی صورت میں پاکستان آرمی کی مین سٹریم کو جس قدر اور جتنا نقصان پہنچایا، اس کی تاریخ نہایت دردناک ہے۔ بنگالی افسروں نے1971ء کی جنگ میں پاکستان آرمی کے ساتھ جو غداری کی اس میں پاک فوج کی اکثریت کی بنگلہ زبان سے نا آشنائی بھی ایک ایسا اہم عنصر تھا،جس پر آج تک کوئی تفصیلی سٹڈی نہیں کی گئی۔۔۔۔ یہی کھیل اب فاٹا اور فاٹا کے گردو نواح کے علاقوں میں کھیلا جا رہا ہے۔ پاکستان کا ہر پشتون شہری اردو سے ایک بڑی حد تک واقف ہے لیکن ہر شہری پشتو سے ایک بڑی حد تک ناواقف ہے۔

مشتبہ مدارس میں ذریعہ تدریس اگر پشتو ہو تو ہر پاکستانی کو پشتو زبان سے شناسائی اِسی لئے ضروری ہے کہ وہ یہ جان سکے کہ ان مدارس میں کس مذہبی موضوع پر کتنے غلو سے کام لیا جا رہا ہے۔ جو دہشت گرد پکڑے جاتے ہیں ان میں اکثریت کی زبان پشتو ہوتی ہے۔ ان سے انٹر ایکشن کرنے میں پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کو بھی بعض اوقات مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اگر دو دہشت گرد موبائل فون پر ہم کلام ہوں تو پاس کھڑا پشتو نہ سمجھنے والا کوئی بھی پاکستانی یہ نہیں جان سکتا کہ اس کے سامنے اس کا قاتل کھڑا ہے یا کوئی ہم قوم یا ہم مذہب ہے!۔۔۔مجھے یقین ہے متعلقہ وزارتیں متذکرہ بالا موضوعات سے واقف ہوں گی کہ دہشت گردی کا یہ جان لیوا عارضہ ایک طویل عرصے سے پاکستان کو لاحق ہے۔ بایں ہمہ مَیں محسوس کرتا ہوں کہ بارِ دگر ان کی توجہ اس طرف مبذول کرائی جائے۔

لیفٹیننٹ کرنل(ر)غلام جیلانی خان

Post a Comment

0 Comments