All About Pakistan

6/recent/ticker-posts

طوفان ہائیان: فلپائن میں شہروں کے شہر اجڑ گئے


  
تاریخ کے انتہائی تباہ کن سمندری طوفانوں میں ایک ٹائفون ہائیان نے فلپائن کے مرکزی حصے میں شہروں کے شہر اور قصبوں کے قصبے اجاڑ دیے ہیں اور لگ بھگ 10,000 افراد کی ہلاکت بھی ہوئی ہے۔
چھ صوبوں میں تباہی برپا کرنے کے بعد طوفان کا رخ شمال مغرب میں واقع ساؤتھ چائینا سی کی جانب مڑ گیا ہے اور ویتنام اور جنوبی چین کے درمیان سرحد پر اس کی شدت میں کمی آ چکی ہے۔
تیزی کے ساتھ آگے بڑھنے والا یہ طوفان جمعہ کو جزیرہ لیٹے سے ٹکرایا تھا۔ اس سے ہونے والی تباہی کا بہتر اندازہ اتوار کو ممکن ہو سکا، اور حکام کا کہنا ہے کہ یہ بات تقریباً یقینی ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
صدر بینگنو آکینو نے خطے بھر میں ہنگامی صورت حال کا اعلان کر دیا ہے۔ فلپائن کو امریکہ سمیت دیگر ممالک سے امداد کی پیشکش کی گئی ہے۔
امریکی صدر براک اوباما نے اتوار کو اپنے بیان میں اس صورت حال پر رنج کا اظہار کیا اور فلپائن کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ’’قابل ذکر‘‘ مدد کی یقین دہانی کروائی۔
امریکی افواج کے دستوں کو زندہ بچ جانے والے متاثرین کی تلاش کے عمل میں مدد کے لیے ہفتہ سے ہی تعینات کر دیا گیا ہے۔
پیر کی صبح طوفان کی شدت میں کمی آنا شروع ہو گئی اور اب یہ ویتنام کے شمالی صوبہ کوانگ ننہ پر موجود ہے۔ ماہرین موسمیات کا خیال ہے کہ جنوبی 
چین میں داخل ہونے کے بعد اس کی شدت مزید کم ہو جائے گی۔

Philippine typhone

Enhanced by Zemanta

Post a Comment

0 Comments