All About Pakistan

6/recent/ticker-posts

پاکستان کے مختلف علاقوں کے مشہور کھانے

دنیا بھر میں پاکستان کے کھانے مشہور ہیں، یہاں کے کھانے چٹپٹے اور لذیذ ہوتے ہیں لیکن کچھ ایسی کھانے ہیں جو پاکستان کے شہروں کی پہچان ہے۔ آج ہم آپ کو ان کھانوں کے بارے میں بتاتے ہیں جو پاکستان کے مختلف شہروں میں اپنے منفرد ذائقے کے اعتبار سے کافی شہرت رکھتے ہیں۔ 

لاہور کے مشہور کھانے
لاہور اپنے خاص پکوانوں کی وجہ سے کافی مشہور ہے لاہور کے لوگ کھانا پسند کرتے ہیں اور ڈٹ کر کھاتے بھی ہیں اور دوسروں کو بھی کھلاتے ہیں۔ لاہوری چرغہ لاہور کا چرغا پورے پاکستان میں مشہور ہے، لاہور کے چرغے میں منفرد اور مختلف مصالحہ جات استعمال کئے جاتے ہیں، جس سے چرغے کا ذائقہ اتنا لذیز ہو جاتا ہے کہ کھانے والے اپنی انگلیاں چاٹنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔

لاہور کے سری پائے
سری پائے اور خاص طور پر لاہور کے پھجے کے سری پائے کا ذکر تو آپ نے سنا ہو گا، جس کا ذکر ہر خاص و عام کی زبان پر ہوتا ہے، لاہوری ناشتہ میں حلوہ پوری ، نہاری ، اور سری کھانا پسند کرتے ہیں۔ 

ملتان کا سوہن حلوہ
ملتان کا سوہن حلوہ ایسی سوغات ہے جو نہ صرف ملتان میں رہنے والے بلکہ دیگر شہروں سے آنے والے لوگ بے حد پسند کرتے ہیں۔ ملتان کا سوہن حلوہ اپنے ذائقے کے باعث دنیا بھر میں بے حد مقبول ہے، ملتان کے سوہن حلوے کی خوشبو اتنی سوندھی ہوتی ہے کہ کھائے بغیر نہیں رہا جا سکتا۔ جب کوئی شخص ملتان آئے اور سوہن حلوہ نہ کھائے ایسا تو ممکن نہیں جبکہ آنے والے سوہن حلوہ اپنے دوستوں اور رشتے داروں کیلئے بطور تحفہ بھی لے جاتے ہیں۔

خان پور کے پیڑے
خان پور کے پیڑے اپنے منفرد ذائقے اور لذت کی وجہ سے پورے پاکستان میں کافی مشہور ہے، لوگ ان پیڑوں کو بہت شوق سے کھاتے اور دوستوں کیلئے لے جاتے ہیں۔ 
اندورنِ سندھ کے مشہور کھانے 
سندھی بریانی
سندھی بریانی پاکستان بھر میں مشہور ہے، اسکو سندھ کی ایک روایت ڈش تصور کیا جاتا ہے، یہ گوشت اور چاول کے ساتھ مل کر بنتی ہے، اس کا ذائقہ دوسری بریانی سے الگ ہوتا ہے۔ 

حیدرآبادی مرچوں کا سالن
حیدرآبادی کھانے اپنے منفرد مصالحوں کی وجہ سے بہت مشہور ہیں، یہ صوبہ سندھ کے مشہور ڈش میں سے ایک ہے، ایک اور مقبول ڈش ہے۔ 
شکار پور کا اچار
اگر آپ نے شکارپور کے اچار اور مربے نہیں کھائے تو دسترخوان کا ذائقہ ادھورا سمجھیے، شکار پور کا اچار اپنے کھٹاس اور ذائقے کے لحاظ سے پورے پاکستان میں مشہور ہے اور لوگ اسے کافی شوق سے کھاتے ہیں جبکہ اس کو فرمائش کر کے منگوایا بھی جاتا ہے۔

حیدر آباد کی ربڑی
ربڑی اور وہ بھی حیدرآباد کی ربڑی ہو تو مزہ ہی دوبالا ہو جاتا ہے، اس کا ذائقہ اتنا لزیذ ہوتا ہے کہ کھاتے ہی جائے لیکن دل نہیں بھرتا۔ 

کراچی کے مشہور کھانے
کراچی میں ملنے والے کھانے اور پکوان لذت اور معیار کے اعتبار سے اپنی مثال آپ ہوتے ہیں، کراچی میں بن کباب ، مزیدار مٹکے والے دہی بڑے، چنا چاٹ ، دہراجی کا گولہ گنڈا ، بریانی ، نہاری ، لیاقت آباد کے گول کپے ، فریسکو کے دہی بڑے اور سموسے، پراٹھا اور چائے بہت مشہور ہے۔ 

پشاور کے مشہور کھانے
پشاور کے چپلی کباب
پشاور کے چپلی کباب پاکستان بھر کے علاوہ دنیا بھر میں اپنی لذت اور ذائقہ کے لئے مشہور ہیں، چپل کبابوں کے بننے کی خوشبو نہ صرف مقامی افراد بلکہ باہر سے آنے والوں کو بھی اپنی طرف کھینچتی ہے، چپل کباب خاص طور پر گائے کے گوشت سے بنائے جاتے ہیں مگر چپل کباب بکرے، بھیڑ اور مرغی کے گوشت سے بھی بن سکتے ہیں۔ چپلی کباب پشتو کے لفظ چپرخ سے نکلا ہے، جس کا معنی ہے گول ، فلیٹ۔ یا چپٹا۔

بلوچستان کے مشہور کھانے
بلوچی سجی
سجی نہ صرف ایک بہترین روایتی ڈش ہے بلکہ یہ بلوچستان کی پہچان بھی بن چکی ہے، جو بھی اسے کھاتا ہے اسے بار بار کھانے کی خواہش ہوتی ہے، سجی کی تیاری میں بکرے کی ران اور دستی کو دہکتے کوئلوں کی آگ سے اسے اپنے منفرد انداز میں تیار کیا جاتا ہے۔ سجی واحد ڈش ہے جو بغیر گھی کے پکائی جاتی ہے، تمام روایتی ڈشوں میں سجی کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ بلوچستان اپنے لذیذ اور خوش ذائقہ کھانوں اور مہمان نوازی کی وجہ سے ملک بھر میں مشہور ہے۔

چترالی منتو
چترالی منتو ایک روایتی ڈش ہے ، جو گائے کے گوشت اور  دنبے کے گوشت سے بنتی ہے، اس کو بنانے کیلئے گوشت میں پیاز کے ساتھ تمام مصالحے ڈال کر مکس کیا جاتا ہے، پھر ڈولی جاتی ہے اور چھوٹے چھوٹے پیڑے بنا لئے جاتے ہیں اور ان پیڑوں کے بیچ میں مصالحہ لگا گوشت رکھ کر بند کردیا جاتا ہے۔ ایک اسٹیل کے برتن میں منتو کو بھاپ میں پکایا جاتا ہے۔

تحریر :عائشہ حنین

 

Post a Comment

0 Comments