All About Pakistan

6/recent/ticker-posts

ملازمت کے دوران خوش رہنے کے سنہری اصول

دنیا بھر میں کروڑوں لوگ ملازمت کرتے ہیں ، تقریباََ ہر جگہ کے مسائل میں ایک چیز مشترکہ ہے اور وہ ہے کام کا پریشر۔ ملازمت کے دوران کام کے پریشر کی وجہ سے غصہ، ذہنی تنائو، ڈپریشن اور جھگڑے بھی ہوتے ہیں ۔ اصل سوال یہ ہے کہ ملازمت کے دوران ان تکلیف دہ چیزوں سے کیسے بچا جائے۔ عمومی طور پر افسران اور ماتحتوں کا رشتہ ساس بہو کے رشتہ کی طرح ہی ہوتا ہے۔ کہیں افسران ماتحتوں سے خوش نہیں تو کہیں ماتحت افسران سے خوش نہیں ۔ 

٭جب ماتحتوں کی طرف سے کام کو ایک ذمہ داری کے طور پر لیا جائے گا اور افسران بے جا دبائو سے گریز کریں گے تو کسی حد تک ماحول نارمل ہوجائے گا۔
 
٭کام کو جب آپ دبائو اور بوجھ سمجھ کر کرینگے تو کوفت ہو گی۔ پہلے تو آپ کو اپنے پسندیدہ شعبہ میں ہی جانا چاہیے ۔ جس کام میں آپ کا شوق شامل ہوگا وہاں کام آپ کو بوجھ محسوس نہیں ہوگا اور آپ مقررہ وقت سے زیادہ بھی خوش دلی سے کام کرنے میں عار محسوس نہیں کرینگے۔ 
 
٭جب کام پر بیٹھ جائیں تو سب سے پہلے جو چیز اپنائیں وہ خوش اخلاقی اور مسکراتا ہوا انداز ہو۔ دیکھا گیا ہے کہ کچھ لوگ خوامخواہ افسر بننے کے زعم میں اپنے چہرے پر بے جا سنجیدگی سجائے رکھتے ہیں اور ایسا وہ اس لئے کرتے ہیں کہ ماتحت ان سے دبے رہیں اور زیادہ توجہ سے کام کریں ۔ حالانکہ خوش اخلاقی کے ساتھ بھی آپ اچھا کام لے سکتے ہیں ۔ 
٭سخت الفاظ کی بجائے دوسروں سے مناسب اور بارعب نپے تلے الفاظ کے ساتھ بات کریں ۔ آپ کا مخاطب کوئی ہو چاہے صارف ہو ، ماتحت ہو یا افسر ہو الفاظ نپے تلے اور بے ادبانہ نہ ہوں تو بہت سے سخت معاملات آسانی سے حل ہو جاتے ہیں جس سے آپ کی شخصیت بھی مجروح نہیں ہوتی اور آپ پر غصہ بھی سوار نہیں ہوتا ۔ 

٭یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ کچھ لوگ ٹینشن گھر سے لے کر آتے ہیں اور دفتر میں ایک دوسرے پر نکالتے ہیں ۔ اس کے لئے واضح اصول اپنا لیں کہ گھر کی ٹینشن گھر تک ۔ کام کو دوسرے افراد (صارف، ماتحت یا افسر) کے لئے آسان بنانے کی کوشش کریں جتنا زیادہ دبائو میں کام لیا یا دیا جائے گا اتنا ہی غلطیاں زیادہ ہوں گی ۔ زیادہ سے زیادہ آسانیاں تقسیم کریں ۔
 
٭ماتھے پر تیوری چڑھا کر بات کرنے کی بجائے اگر پرسکون اور ہنس مکھ انداز میں بات کی جائے چاہے وہ کتنی سخت کیوں نہ ہو اس کا برااثر نہیں ہو گا۔ دوستانہ انداز میں بہتر کام ہوتا ہے بجائے اس کے کہ کسی کو آپ ہر وقت ذہنی دبائو میں رکھیں۔ 

٭جن دفاتر کے کائونٹرز کا عوام سے براہ راست واسطہ پڑتا ہے وہاں چڑچڑاپن زیادہ دیکھا گیا ہے ۔ کچھ لوگ جلدباز ہوتے ہیں کچھ ویسے ہی الٹا جواب دیتے ہیں تو ان سب سے نمٹنے کے لئے خوش اخلاقی اور تمیز سے بات کرنا کام کو آسان کرنے کے لئے بہترین ہتھیار ہے۔ دوسروں کے لئے خوامخواہ مشکلات کھڑی نہ کریں ۔ دفاتر میں معمولی سا کام بھی کروانا ہو تو عملہ آپ کی دوڑیں لگوا دے گا ۔ دفاتر کے عملہ کو بھی چاہیے کہ وہ دوسروں کے لئے آسانیاں پیدا کرینگے تو ان کی مشکلات بھی دور ہونگی کیونکہ معاشرہ ایک دوسرے سے منسلک ہوتا ہے ۔ آپ کسی کی مشکل کو آسان کرنے کی روایت ڈالیں گے تو دوسرے آپ کے لئے راستہ صاف کرینگے۔ اس طرح دیکھا دیکھی مشکلات اور مسائل کے حل نکلتے آئیں گے اور کام بھی آسان ہوتا جائیگا۔

طیب رضا عابدی

 

Post a Comment

0 Comments