All About Pakistan

6/recent/ticker-posts

پاکستان میں ڈاک ٹکٹوں کی تاریخ

غیر ممالک کے ڈاک ٹکٹوں کی پہلی بار طباعت 

پاکستان نے پہلی مرتبہ 1965ء میں عراق‘ کویت اور نیپال کیلئے ڈاک ٹکٹ طبع کیے ان ٹکٹوں کی طباعت سکیورٹی پرنٹنگ پریس کراچی میں عمل میں آئی۔

 ایٹمی ری ایکٹر کے سلسلے میں ڈاک ٹکٹ

  پاکستان کا ایٹمی ری ایکٹر اپریل 1966ء میں نصب کیا گیا اس ضمن میں محکمہ ڈاک نے 30 اپریل کو 15 پیسے کا ایک یادگاری ٹکٹ جاری کیا جس پر ری ایکٹر کی تصویر بھی بنائی گئی۔ 

غیر ملکی ماہر علم فلکیات کی سالگرہ پر ڈاک ٹکٹ

  کوپرنیکس پہلا ماہر علم فلکیات ہے جس کی 500 ویں سالگرہ پر محکمہ ڈاک پاکستان نے 19 فروری 1973ء کو ڈاک ٹکٹ جاری کیا اس کا سائز 32.5x44.5 ایم ایم ہے۔ محکمہ ڈاک نے یہ ٹکٹ دس لاکھ کی تعداد میں شائع کئے۔ ٹکٹ سکیورٹی پرنٹنگ پریس نے طبع کیا۔ کوپرنیکس 19 فروری 1473ء کو ہالینڈ میں پیدا ہوئے۔ 

اسلامی سربراہی کانفرنس کے لیے ڈاک ٹکٹ

 پاکستان میں منعقد ہونے والی اسلامی ممالک کی پہلی اور ترتیب کے لحاظ سے دوسری سربراہ کانفرنس 22 فروری 1974ء کو لاہور میں منعقد ہوئی اس میں37 ممالک کے سربراہان اور ان کے نمائندوں نے شرکت کی۔ پاکستان میں اسلامی ممالک کے سربراہوں کی یہ پہلی کانفرنس تھی اور اس میں دوررس فیصلے کئے گئے مثلاً بنگلہ دیش کو تسلیم کیا گیا اور گنی بسائو (جو آزاد نہ ہوا تھا) کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ڈاک ٹکٹوں کی تعداد دو تھی۔ ہر ایک ڈاک ٹکٹ پر اسلامی سربراہی کانفرنس کا نشان بنا ہوا تھا۔ ان کی مالیت علی الترتیب 20 پیسے اور 65 پیسے تھی۔ 

پہلے وزیراعظم جن کی تصویر ڈاک ٹکٹ پر چھپی 

نوابزادہ لیاقت علی خان پاکستان کے پہلے وزیراعظم تھے جن کی تصویر پہلی بار 16 اکتوبر 1974ء کو ان کی 23 ویں برسی کے موقع پر ڈاک ٹکٹ پر چھپی۔

 ٹکٹ میں سونے کا استعمال 

قائداعظمؒ محمد علی جناح کے صد سالہ جشن (25 دسمبر 1976ء) کے موقع پر 10 روپے مالیت کا جو ڈاک ٹکٹ جاری کیا گیا اس ٹکٹ میں پہلی مرتبہ 25 ملی گرام (24,23 قیراط) سونا استعمال کیا گیا۔ اس کی طباعت فرانس میں عمل میں آئی۔ 

چھ ٹکٹوں کے ڈاک ٹکٹوں کا سیٹ 

14 اگست 1989ء کو یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کے محکمہ ڈاک نے پہلی مرتبہ خصوصی طور پر قائداعظم کی پورٹریٹ والی نہایت خوبصورت اور پروقار تصویر کا چھ ٹکٹوں کا ایک سیٹ شائع کیا یہ ٹکٹیں چھ مختلف رنگوں میں تھیں اور ٹکٹوں کی مالیت ایک روپیہ‘ ایک روپیہ پچاس پیسہ‘ دو روپے‘ تین روپے‘ چار روپے اور پانچ روپے رکھی گئی۔ ان کے لیے کاسنی‘ نیلا‘ پیلا‘ سبز اور ہلکے سرخ رنگوں کا امتزاج پیدا کیا گیا ۔

 کسی ریاست کے الحاق کی پہلی سالگرہ پر یادگاری ٹکٹ کا اجراء 

13 اکتوبر 1948ء کو ریاست بہاولپور کی پاکستان سے الحاق کی پہلی سالگرہ پر ڈیڑھ آنہ کا یادگاری ٹکٹ ریاست بہاولپور کی جانب سے جاری کیا گیا۔ اس پر امیر آف بہاولپور نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم اور گورنر جنرل آف پاکستان قائداعظمؒ محمد علی جناح کی تصویر تھی۔ تصویر کے نیچے دونوں ریاستوں کے پرچم بنے ہوئے تھے۔ ان کی 5 لاکھ کاپیاں چھاپی گئی تھی۔ 

بیرون ملک قائداعظم کی ڈاک ٹکٹ پر تصویر 

29 مئی 1997ء کو جمہوریہ ترکی نے پاکستان کی گولڈن جوبلی کے موقع پر ایک یادگاری ٹکٹ جاری کیا اس پر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی تصویر بنی ہوئی تھی اس کی قیمت تیس ہزار لیرا رکھی گئی پاکستان کی تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا کہ جب کسی غیر ملک نے پاکستانی شخصیت کے بارے میں ڈاک ٹکٹ شائع کرنے کا اہتمام کیا۔ 

پاکستان کا پہلا پوسٹل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ 

 پاکستان کا پہلا پوسٹل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کراچی میں 1953ء میں قائم ہوا۔ غبارے کے ذریعے مقامی ڈاک کا بھیجا جانا: 23 فروری 1964ء کا دن پاکستان کی ڈاک کی تاریخ میں پہلا دن تھا جب مقامی ڈاک غبارے کی تاریخی پرواز کے ذریعے لانڈھی بھیجی گئی۔ بے نظیر بھٹو کی پہلی برسی پر یادگاری ٹکٹ کا اجراء: حکومت پاکستان نے سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی پہلی برسی 27 دسمبر 2008ء کو چار روپے کا یادگاری ٹکٹ اور 20 روپے کی سووینر شیٹ جاری کی۔ 

زاہد حسین انجم

(ماخذ: انسائیکلوپیڈیا واقعات پاکستان )

 

Post a Comment

0 Comments