All About Pakistan

6/recent/ticker-posts

حویلی بہادر شاہ

ضلع جھنگ کا قصبہ، جھنگ صدر سے شور کوٹ روڈ پر ۲۶ کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ اس کی بنیاد ۱۷۷۰ء میں قریشی خاندان کے بزرگ بہادر شاہ نے رکھی اور سیال حکمران عنایت اللہ خان کے عہد میں اسے جنگی نوعیت کی اہم چوکی کا درجہ حاصل تھا۔ یہیں پر ڈیرہ غازی خان کی سمت جانے والی افواج تیار کی جاتی تھیں۔ بہادر خان قریشی سیال حکمران کا قابلِ اعتماد مشیر اور وزیر تھا۔ بعد میں یہ علاقہ بطور جاگیر اس کی اولاد کو عطا ہوا۔ اس قصبہ سے نامور لوگ پیدا ہوئے ،جن میں مخدوم کبیر، شیخ یوسف شاہ (مرحوم)، اختر علی قریشی، انور شاہ قریشی شامل ہیں۔

سیّد مظفر علی ظفر اور غلام یٰسین حیرت کے نام شعری اور ادبی حوالے سے قابلِ ذکر ہیں۔ سیّد مظفر علی ظفر کو غزل اور نظم دونوں پر عبور حاصل تھا۔ ہندی میں گیت بھی لکھے اور تُلسی داس کے نام سے ان کا مجموعہ کلام ’’ظفر موج‘‘ کے عنوان سے مرتب ہوا۔ ان کی ایک کتاب ’’جدید سیاسی جغرافیہ ضلع جھنگ‘‘ (طنز و مزاح) ۱۹۶۶ء میں شائع ہوئی۔ غلام یٰسین حیرت کا تعلق یہاں کے قریشی خاندان سے تھا۔ قومی نظموں اور نعتیہ شاعری میں ان کی شہرت تھی۔ یہاں صحت و تعلیم کی سہولتیں دستیاب ہیں۔ 

(کتاب ’’نگر نگر پنجاب:شہروں اور قصبات کا جغرافیائی، تاریخی، ثقافتی اور ادبی انسائیکلوپیڈیا‘‘ سے مقتبس) -  

Post a Comment

0 Comments