All About Pakistan

6/recent/ticker-posts

’سرجیکل سٹرائیکس کی بجائے بھوکی فوج کا پیٹ بھرو'

انڈیا میں بی ایس ایف یعنی بارڈر سکیورٹی فورسز کے ایک جوان نے اپنی خوراک کے معیار سے متعلق اپنی ویڈیو سوشل میڈیا پر نشر کرکے جو تہلکہ مچایا اس نے نہ صرف بی ایس ایف اور بھارتی حکومت کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے بلکہ ٹویٹر پر سامنے آنے والا ردعمل بھی دلچسپ ہے۔ سپاہی تیج بہادر یادو نے اپنے ویڈیو کلپ میں سینیئر فوجی حکام پر سنگین الزامات عائد کیے تھے۔ ٹویٹر پر 'ہیش ٹیگ بی ایس ایف سولجرز فیسِنگ فوڈ کرائسِس' کے عنوان سے اس پر نہ صرف انڈیا بلکہ پاکستان سے بھی بہت سی ٹویٹس ہو رہی ہیں۔

تیج بہادر یادو کی ویڈیو کے بعد بی ایس ایف کو اپنے دفاع میں بیان دینا پڑا۔
انڈین نیوز چینل 'زی نیوز' نے بی ایس ایف حکام کے حوالے سے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ 'سپاہی تیج بہادر شرابی ہیں۔ ان کا ماضی مشکلات میں گزرا ہے۔'
اس پر انڈین صحافی ہریندر بویجا نے اپنی ٹویٹ میں سوال اٹھایا کہ 'اگر بی ایس ایف کے جوان کا ڈسپلین خراب تھا اور وہ مدہوش تھا تو اس کے خلاف اس وقت ایکشن کیوں نہیں لیا گیا۔ اب کیوں، جبکہ اس نے ویڈیو پوسٹ کی؟'
اپنے پیغام میں تیج بہادر نے الزام لگایا تھا کہ جوانوں کے لیے سامان کی کمی نہیں ہے لیکن ان کے حصے کا راشن فوجی افسر بازار میں فروخت کر رہے ہیں اور انھیں مناسب کھانا تک نہیں ملتا ہے۔ روہِت کمار گپتا، سوشل میڈیا ایکٹیوِسٹ ہیں۔ انھوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ 'یہ ایک شرمناک واقعہ ہے۔ سچ بولنے پر انھیں سزا نہیں ملنی چاہیے۔ آئیں ان کی حمایت کریں۔'

اس خبر اور اس پر ظاہر کیے جانے والے ردعمل کو بڑے ذرائع ابلاغ نے بھی آج اپنا موضوع بنایا ہے۔

'جنتا کا رپورٹر' نامی انڈین نیوز ویب سائٹ نے ٹویٹ کیا ہے کہ سپاہی کی حالتِ زار پر شرمناک بیان کے بعد بی ایس ایف کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ 

پاکستانیوں نے اس خبر پر اپنے زاویہ نظر سے ٹویٹس کی ہیں۔ مثلاً بلاگر احمد علی نے تبصرہ کیا ہے: 'انڈین حکومت اپنے فوجیوں تک کو تو کِھلا نہیں سکتی اور دعوٰی کرتی ہے پاکستان کے خلاف سرجیکل سٹرائک کا۔'

فوٹوگرافر ارم احمد خان نے اپنی ٹویٹ میں بھارتی حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ 'پاکستان کے اندر جعلی سرجیکل سٹرائیکس کی منصوبہ بندی کی بجائے اپنی بھوکی فوج کا پیٹ بھرو۔'

پاکستانی کالم نگار شاہزیب خان نے ٹویٹ کیا 'بی ایس ایف کے سپاہی یادو نے انڈین آرمی میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی اور سپاہیوں کے لیے خوراک کی کمی کو طشت از بام کر دیا ہے۔'

انڈیا میں شوبز کی معروف شخصیت نوید جعفری نے اپنے ٹیوٹیر اکاؤنٹ پر حکام کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا: 'حکامِ اعلی کچھ شرم کرو! وہ لوگ ہماری حفاظت پر مامور ہیں۔ ہم اپنے جوانوں کو سلام کرتے ہیں۔'

سوشل میڈیا پر کئی کامنٹس میں طنزاً کہا جا رہا ہے 'تو اب وزرا کو بولنے پر مجبور کرنے کے لیے ویڈیوز سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنا پڑیں گی۔'

ماضی میں بھی عام شہریوں کی ایسی کئی پوسٹس کی کئی مثالیں موجود ہیں جنھوں نے اپنے تخلیق کاروں کو شہرت اور مقبولیت سے ہمکنار کیا ہے۔ اب ان میں سپاہی تیج بہادر یادو کا نام بھی شامل ہوگیا ہے۔

Post a Comment

0 Comments