All About Pakistan

6/recent/ticker-posts

کاہنہ - ضلع لاہور

یہ دو آبادیوں پر مشتمل ایک قصبہ ہے ،جو ضلع لاہور میں شامل ہے۔ یہ قصبہ لاہور- قصور روڈ پر لاہور سے ۱۵ میل کے فاصلے پر واقع ہے۔ سکھ مت کے بانی گورونانک کی والدہ کا تعلق اسی قصبے سے تھا۔ اس کو سندھو جاٹ قوم کے کاہنہ نامی زمیندار نے آباد کیا تھا۔ دوسری آبادی بھی ایک زمیندار کاچھہ کے نام سے تھی۔ مغلوں کے زوال کے زمانے میں جب جے سنگھ اور سوبھا سنگھ کنہیا مثل کے سردار بنے اور انہو ں نے پنجاب کو خوب لُوٹا۔ وہ یہیں کے رہنے والے تھے اور اس وجہ سے اس قصبے کی آبادی اور رونق میں اضافہ ہو گیا. کیونکہ دیگر علاقوں کے لوگ یہاں آکر اس وجہ سے پنا ہ لیتے کہ اسے دیگر لوگ لُوٹنے سے گریز کرتے۔

اس کی آبادی اتنی بڑھی کہ ایک نئی آبادی اور بن گئی ،جو نیا کاہنہ کے نام سے مشہور ہوئی۔ اس کی غلہ منڈی نواحی دیہات کے لیے مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔ طلبا او رطالبات کے لیے علیحدہ علیحدہ ہائی، مڈل اور پرائمری سکول ہیں۔ مربوط دیہی ترقیاتی مرکز، تھانہ، ڈاکخانہ اورہسپتال بھی ہیں۔ اس کی آبادی ۱۹۸۱ء میں ۱۹۱۶۹ اور ۱۹۹۸ء کی مردم شمار ی کے مطابق ۳۸۲۷۹ نفوس پر مشتمل تھی.

(کتاب ’’نگر نگر پنجاب:شہروں اور قصبات کا جغرافیائی، تاریخی، ثقافتی اور ادبی انسائیکلوپیڈیا‘‘ سے مقتبس)


Post a Comment

0 Comments