All About Pakistan

6/recent/ticker-posts

دریائے جہلم

دریائے جہلم جموں و کشمیر کے علاقے پیر پنجال کے دامن میں واقع ایک چشمہ ویری ناگ سے نکلتا ہے۔ شمال مشرقی جموں و کشمیر کے گلیشیرز پگھل کر اس کے پانی میں اضافہ کرتے ہیں۔ دریائے جہلم سری نگر کے پاس سے گزرتا ہوا وولر جھیل میں گر جاتا ہے۔ پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے اس کی گزر گاہ تنگ ہوتی چلی جاتی ہے۔ اس کا مشاہدہ چکوٹھی میں لائن آف کنٹرول سے مظفر آباد اور کوہالہ تک کیا جا سکتا ہے۔ دریائے جہلم مظفر آباد میں دریائے نیلم میں شامل ہو جاتا ہے اور وادیٔ کاغان میں کنہار دریا سے مل کر دیائے پونچھ میں شامل ہو جاتا ہے۔ دریائے جہلم آزاد کشمیر کے ضلع میر پور کے مقام پر منگلا پہنچ کر میدانی علاقہ سے بہتا ہوا پنجاب کے ضلع جہلم میں داخل ہو جاتا ہے ،یہاں اس کا رخ شمال سے جنوب مغرب کی طرف ہو جاتا ہے ۔
منگلا کے مقام پر ایک بہت بڑا ڈیم تعمیر کیا گیا ہے اور دریا کا پانی اس ڈیم میں آتا ہے۔ اس کو منگلا ڈیم کہتے ہیں۔ اس کا پانی آبپاشی اور بجلی پیدا کرنے کے کام آتا ہے۔ دریائے جہلم پاکستان میں جہلم، ملک وال اور خوشاب کے میدانی علاقوں سے بہتا ہوا ضلع جھنگ میں تریموں کے مقام پر دریائے چناب میں شامل ہو جاتا ہے۔ دریائے جہلم پر1967ء میں منگلا ڈیم بنایا گیا اور اس میں 5.9 ملین ایکڑ پانی محفوظ کیا جا سکتا ہے، اسی دریا پر 1967ء میں رسول بیراج تعمیر کیا گیا ۔ دریائے جہلم سے دو نہریں نکالی گئی ہیں، لوئر جہلم کینال 1901ء میں ضلع گجرات کے مقام رسول سے نکالی گئی، اس کی مزید دو شاخوں کھارا در مشین سے ضلع جھنگ کا شمالی حصہ سیراب ہوتا ہے، اپر جہلم 1915ء میں تعمیر کی گئی، اس کا پانی منگلا سے دریائے چناب تک جاتا ہے۔ رسول بیراج سے رسول قادر لنک اور چشمہ جہلم لنک کینال نکالی گئی ہیں۔ دریائے جہلم اور چناب کے درمیانی علاقہ کو دوآبہ چچ کہتے ہیں۔ 

اس کے مغربی حصہ کو تھل کہتے ہیں۔ دریائے جہلم کو ویدک دور میں وتلستا اور یونانی زبان میں ہائیڈ سپاس کہا جاتا تھا۔ 320 قبل مسیح میں سکندر اعظم نے دریائے جہلم عبور کر کے راجہ پورس کو شکست دی تھی اور دوشہر تعمیر کروائے ،پہلا اس مقام پر تھا، جہاں لڑائی ہوئی تھی، اس کا نام و نشان مٹ گیا اور دوسرا سکندر اعظم نے اپنے محبوب گھوڑے بیوسیفالس کے نام سے منسوب کیا، جو اس جنگ میں کام آیا۔ جہلم کا موجودہ شہر اس مقام پر آباد ہے۔ بعض حوالوں میں گجرات کے شہر پھالیہ کو سکندر اعظم کے گھوڑے بیوسیفالسس کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ ہندوستان دریائے جہلم پر ڈیم تعمیر کر رہا ہے ۔ پاکستان نے اس مسئلہ پر اپنی تشویش سے بین الاقوامی اداروں کو آگاہ کر دیا ہے۔ 

شیخ نوید اسلم
پاکستان کی سیر گاہیں

Post a Comment

0 Comments