All About Pakistan

6/recent/ticker-posts

سی پیک کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گیا

پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت چین کا پہلا میگا پائلٹ تجارتی قافلہ
جو ایک روز قبل گوادر پہنچا تھا‘ گزشتہ روز گوادر بندر گاہ کے ذریعے اگلی منزل کو روانہ ہو گیا‘ اخباری اطلاعات کے مطابق پہلا میگا تجارتی قافلہ چین سے پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی مکمل حفاظت اور نگرانی میں گوادر پہنچا‘ یہ چین کے شہر کاشغر سے چلا اور پاکستانی علاقے میں گلگت بلتستان سے ہوتا ہوا اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ کے ذریعے گوادر پہنچا ہے۔
یوں سی پیک کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گیا ہے‘ سب سے اہم بات یہ ہے کہ کاشغر سے چلنے والا تجارتی قافلہ بحفاظت گوادر پہنچا جس سے دنیا بھر کو ایک پرامن پاکستان کا پیغام ملا۔ تاریخی اعتبار سے یہ ایک نیا سنگ میل ہے۔ گوادر بندر گاہ سے ہر ماہ چینی کنٹینرز کی ایکسپورٹ کا منصوبہ بھی تیار کر لیا گیا ہے۔ بلاشبہ سی پیک پاکستان ہی نہیں بلکہ اس سارے خطے کے لیے گیم چینجر ثابت ہو گا‘ گزشتہ روز افتتاحی تقریب سے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے خطاب کیا‘ گوادر پورٹ سے چین اپنا تجارتی مال مشرق وسطیٰ اور افریقہ کی منڈیوں تک باآسانی پہنچا سکے گا۔

سی پیک کے مختلف روٹوں پر تجارتی قافلوں کی آمدورفت میں جتنا زیادہ اضافہ ہو گا‘ پاکستان میں روز گار کے مواقع بڑھیں گے اور تجارتی حجم میں اضافہ ہو گا۔اس روٹ کے ذریعے پاکستان کا تجارتی سامان بھی کم لاگت میں بین الاقوامی منڈیوں تک پہنچ سکے گا جس سے نہ صرف ہماری برآمدات میں بہتری آئیگی بلکہ پاکستان کے اندر بھی کاروباری سرگرمیاں بڑھیں گی۔

ایڈیٹوریل روزنامہ ایکسپریس

Post a Comment

0 Comments