All About Pakistan

6/recent/ticker-posts

دنیا کے امیر ترین افراد : "فیس بُک" کے بانی نے ایک گھنٹے میں 3.4 ارب ڈالر کمائے

بدھ کے روز تاریخ میں نادر و نایاب نوعیت کا ایک ایسا گھنٹہ گزرا جو وقت کے لحاظ سے تو دیگر گھنٹوں کی طرح 60 منٹ اور 3600 سیکنڈ پر ہی مشتمل تھا تاہم "فیس بک" کی ریاست کے بانی مارک زوکربرگ نے اس ایک گھنٹے میں ایسے منافع کو یقینی بنایا جو اس سے پہلے کسی نے حاصل نہ کیا۔ ایک گھنٹے کے دوران حاصل ہونے والے منافع کی مالیت 3 ارب 40 کروڑ ڈالر ہے۔ اس بات کا انکشاف امریکی جریدےForbes کی ویب سائٹ نے کیا جو دنیا بھر میں ارب پتی افراد کی دولت سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر تازہ ترین معلومات فراہم کرتی ہے۔
بدھ کے روز مشرقی امریکا کے مقامی وقت کے مطابق شام 5:15 پر ختم ہونے والے اس ایک گھنٹے کے دوران زوکر برگ نے ہر منٹ میں اوسطا 5 کروڑ 66 لاکھ 66 ہزار 700 ڈالر کے قریب منافع کمایا جو ایک سیکنڈ میں 9 لاکھ 45 ہزار ڈالر بنتا ہے۔ ہر منٹ کمایا جانے والا یہ منافع 10 لاکھ خاندانوں کے کم از کم ایک ہفتے کے گزارے کے لیے کافی ہے۔
نئے منافع کے ذریعے اپنا ہی ریکارڈ بہتر بنا لیا
اس تازہ ترین منافع کے بعد 32 سالہ مارک زوکربرگ دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں پانچویں نمبر پر آگیا ہے۔ اس لیے کہ اسُ روز اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آخری گھنٹے کے بعد زوکر برگ کی مجموعی دولت 56 ارب 70 کروڑ ڈالر سے زیادہ ہوگئی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اس روزFacebook کے شیئر کی قیمت ایک ہی مرتبہ میں 6.5 % بڑھ کر 131.40 ڈالر ہوگئی۔ اس کی ایک اہم وجہ فیس بک کے صارفین کی مجموعی تعداد 1.71 ارب ہوجانے کا اعلان تھا۔ اس طرح زوکر برگ نے خود ہی اپنا سابقہ ریکارڈ بہتر بنا لیا۔ اس کا سابقہ ریکارڈ گزشتہ اپریل میں اس وقت قائم ہوا تھا جب اس نے 4.2 ارب ڈالر کا منافع کمایا تھا۔ تاہم یہ اضافہ اسٹاک ایکسچینج میں کئی گھنٹوں کے کاروبار کے بعد دیکھنے میں آیا تھا۔ جہاں تک اس نئے خطیر منافع کا تعلق ہے تو یہ صرف ایک گھنٹے کا کرشمہ ہے۔
زوکربرگ اپنے ہم وطن وارن بوفے کے بعد امیر ترین افرد کی فہرست میں پانچویں نمبر پر آگیا ہے۔ وارن بوفے 80 برس کی عمر میں بھیBerkshire Hathaway کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ہیں۔ ان کی مجموعی دولت 64.9 ارب ڈالر ہے۔ دوسری جانب 52 سالہ امریکی شہری Jeff Bezos جو Amazon.com کے بانی شریک اور اس کے 18% اثاثوں کے مالک ہیں. پہلی مرتبہ وارن بوفے سے اوپر نکل گئے ہیں۔ ان کی مجموعی دولت 65.3 ارب ڈالر ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ اور لبنانی نژاد کارلوس سلیم کی دولت
امیر ترین افراد کی فہرست میں دوسرا نمبر 80 سالہ ہسپانوی نژاد امریکی امانسيو اورتیگا کا ہے۔ وہ مشہور فیشن برانڈ ZARA کے مالک ہیں۔ اسپین کے شمال مغرب میں واقع خودمختار علاقے Galicia میں قیام پذیر ارب پتی کی مجموعی دولت 72.7 ارب ڈالر ہے۔ جہاں تک فہرست میں اول نمبر پر موجود دنیا کی امیر ترین شخصیت کی بات ہے تو وہ مائیکروسافٹ کمپنی کے بانی بل گیٹس کے سوا کوئی اور نہیں۔ 60 سالہ بل گیٹس کی مجموعی دولت اس وقت 77.7 ارب ڈالر ہے۔
جہاں تک لبنانی نژاد میکسیکی کارلوس سلیم اور امریکی صدارتی انتخابات کے ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کا سوال ہے تو 76 سالہ کارلوس 50.3 ارب ڈالر کے ساتھ دنیا کے ساتویں امیر ترین شخص ہیں.. جب کہ ان سے عمر میں 7 برس چھوٹے ٹرمپ کا 4.5 ارب ڈالر کے ساتھ امیر ترین افراد کی درجہ بندی میں نمبر 390 ہے۔ واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے مئی میں انکشاف کیا تھا کہ ان کی مجموعی دولت 10 ارب ڈالر ہے تاہم بہت سے لوگوں کے نزدیک ٹرمپ نے بھولے سے یہ دعوی کر دیا۔

لندن- كمال قبيسی

Post a Comment

0 Comments