All About Pakistan

6/recent/ticker-posts

شیوسینا کی دھمکیوں کے بعد علیم ڈار سیریز سے الگ

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان سے تعلق رکھنے والے امپائر علیم ڈار کو جنوبی افریقہ اور بھارت کے درمیان جاری کرکٹ سیریز کے بقیہ میچوں میں امپائرنگ کے فرائص انجام دینے سے روک دیا ہے۔

آئی سی سی کے امپائروں کے ’ایلیٹ پینل‘ کے رکن علیم ڈار سیریز کے پہلے تین ایک روزہ کرکٹ میچوں میں امپائرنگ کے فرائض سر انجام دے چکے ہیں اور انھیں چنئی اور ممبئی میں ہونے والے چوتھے اور پانچویں میچوں میں بھی امپائرنگ کرنا تھی۔
 
کرکٹ کی عالمی تنظیم نے پیر کو ایک بیان میں کہا ہے کہ علیم ڈار کو بقیہ میچوں سے دستبردار کروانے کا فیصلہ ممبئی میں انتہاپسندوں کی جانب سے انڈین کرکٹ کنٹرول بورڈ کے دفاتر پر حملے کے بعد کیا ہے۔
بیان کے مطابق ان مظاہرین نے دھمکی دی تھی کہ وہ پاکستانی امپائر کو اتوار کو ممبئی میں ہونے والے پانچویں ایک روزہ کرکٹ میچ میں امپائرنگ نہیں کرنے دیں گے۔
علیم ڈار کو ہٹانے کے فیصلے پر آئی سی سی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’موجودہ صورت حال کے پیش نظر، علیم ڈار سے یہ توقع کرنا غلط ہو گا کہ وہ اپنے فرائض اچھی طرح سے نبھا پائیں گے۔‘
کونسل کے مطابق ان کی جگہ اب کسی دوسرے امپائر کا انتخاب کیا جائے گا اور آئندہ چند دنوں میں اس کا اعلان کر دیا جائے گا۔‘

خیال رہے کہ پیر کی صبح بھارت کی ہندو نواز جماعت شیو سینا کے حامیوں نے پاکستان کے ساتھ کرکٹ کے روابط بحال کرنے کے لیے بات چیت کرنے پر بھارتی کرکٹ بورڈ کے دفتر پر حملہ کر دیا تھا۔
اس حملے کی وجہ سے پاکستانی کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان اور بی سی سی آئی کے صدر کے درمیان ملاقات بھی نہیں ہو سکی تھی۔

Post a Comment

0 Comments