All About Pakistan

6/recent/ticker-posts

کیا بسنت مسلمانوں کا تہوار ہے؟



  پنجاب کے وزیر کھیل رانا مشہود احمد نے میڈیا پر آکر کہا ہے کہ اس برس تو بسنت چھانگا مانگا میں ہوگی اور اگلے برس لاہور میں منائی جائے گی۔ بسنت منانے کا یہ فیصلہ بظاہر اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صوبہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے راہنما اور صوبائی وزیر کا ہے، لیکن یہ رانا مشہود کا نہیں بلکہ پنجاب حکومت کا فیصلہ ہے جس کے وزیراعلیٰ شہباز شریف ہیں جو خود کو خادم اعلیٰ پنجاب کہلواتے ہیں اور جو جناح کیپ پہن کر اسلام اور پاکستان کے لیے ملّی و قومی جذبات کا پُرجوش اظہار کرتے ہیں اور خود کو تحریک پاکستان اور مسلم لیگ کا ادنیٰ کارکن سمجھتے ہیں۔

وزیر موصوف بتائیں کہ بسنت مسلمانوں کا تہوار ہے یا ہندوئوں کا؟ پتنگ بازی مسلمانوں کی کون سی تہذیب و ثقافت پر مبنی کھیل ہے؟ ڈکٹیٹر جنرل (ر) پرویزمشرف کے دورِ حکومت میں نیا نعرہ سامنے آیا تھا ’’روشن خیال پاکستان‘‘۔ اس کی آڑ میں پاکستان کی اسلامی، معاشرتی، اخلاقی اور سماجی اقدار کی دھجیاں اڑائی گئیں، بسنت نائٹ کے نام پر بے ہود گی کے کلچر کو فروغ دیا گیا، رقاصائوں سے ڈانس کرواکر ماں، بہن، بیٹی کی عزتوں کا جنازہ نکالا گیا۔ اُس وقت پاکستان مسلم لیگ(ن) بھی سراپا احتجاج تھی کہ یہ بے غیرتی ہے، بسنت کا ہماری اسلامی اقدار اور ثقافت سے کوئی تعلق نہیں۔ آج پاکستان مسلم لیگ (ن) مرکز اور پنجاب میں مکمل حکومت میں ہے، آج اس کی غیرت کہاں کھو گئی ہے! رانا مشہود صاحب بسنت اور پتنگ بازی سے سینکڑوں افراد،معصوم بچے،بچیاں ،بوڑھے،جوان،اپنی جانوں سے گئے، سینکڑوں زخمی ہو کر عمر بھر کے لیے معذور ہوگئے۔ہمیں یاد ہے کہ آپ کی پارٹی کے راہنما اور آپ خود بھی دھاتی ڈور سے گلا کٹ جانے والے افراد کی نمازِ جنازہ میں شریک ہوتے تھے اور احتجاج بھی کرتے تھے۔راج گڑھ کا شایان جس کی عمر 5 برس تھی، اس کی گردن کٹ کر اس کے والد کی گود میں آگری تھی۔ یہ آپ کا حلقہ انتخاب بھی ہے، آپ کو خوب یاد ہوگا۔ اُس وقت تو اس معصوم بچے کی موت پر آپ کے آنسو نہیں رک رہے تھے۔ کچھ عرصہ قبل پہلے یوتھ فیسٹول کے انعقاد کے سلسلے میں آپ نے شاہی قلعہ کے سامنے حضوری باغ میں تقریب منعقد کی تھی،  ۔ رانا مشہود صاحب حضوری باغ کے سامنے بادشاہی مسجد اور مسجد کے بائیں جانب حکیم الامت علامہ اقبالؒ کا مزار ہے،  ۔ مسلم لیگ نے دو قومی نظریہ کی بنیاد پر برصغیر کے مسلمانوں کے لیے الگ وطن پاکستان حاصل کیا تھا اور آج آپ مسلم لیگ اور دو قومی نظریے کو اپنے غلط اقدامات کے ذریعے پائوں تلے روند رہے ہیں! آپ برملا اظہار کرتے ہیں کہ ہم پاکستان کو قائداعظمؒ اور علامہ اقبالؒ کا ملک بنائیں گے، اور آج بسنت کا اعلان کرکے دو قومی نظریے اور بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ اقبالؒ کی روحوں کو تڑپا رہے ہیں!

 
Enhanced by Zemanta

Post a Comment

0 Comments